ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ ہر روز بہار کی سیاست میں ایک نئی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔
اس دوران بہار کے سابق وزیرِاعلیٰ جیتن رام مانجھی کی پارٹی 'ہم' کے این ڈی اے میں شامل ہونے کی قیاس آرائی گزشتہ کئی روز سے کی جا رہی تھی، جس پر روک لگاتے ہوئے مانجھی کے قریبی اور پارٹی کے ضلع صدر ڈاکٹر صبغت اللہ خان عرف ٹو ٹو نے بتایا کہ ہندوستانی عوامی مورچہ تین ستمبر کو این ڈی اے میں شمولیت اختیار کرے گا جس کے لئے ہندوستانی عوام مورچہ کے سرپرست جیتن ران مانجھی گیا سے پٹنہ کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔
ٹوٹو خان نے کہا کہ 'ہم بہار کی ترقی کے لئے این ڈی اے کا ہاتھ تھامنے جارہے ہیں لہذا سیٹ شیئرنگ ہمارے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
ٹو ٹو خان نے یہ بھی کہا کہ 'شمولیت کے تعلق سے سابق وزیرِاعلیٰ جیتن رام مانجھی کل پٹنہ کے پارٹی آفس میں پریس کانفرنس بھی کریں گے جس میں اتحاد سے متعلق دیگر رہنماؤں کو تفصیلی جانکاری فراہم کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'بہار کی ترقی کے لئے این ڈی اے میں شامل ہوئے ہیں اور ان کا ساتھ وزیرِاعلیٰ نتیش کمار کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا ہے کہ وہ بی جے پی کا حصہ نہیں ہوں گے، این ڈی اے پوری مضبوطی سے انتخاب لڑے گا اور جیتن رام مانجھی ایک بڑا چہرہ ہوں گے۔