ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ کے کیوٹی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی اور جے ڈی یو پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر فراز فاطمی نے جمعرات کے روز 82 دربھنگہ گرامین اسمبلی سے اپنے نامزدگی کا پرچہ داخل کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر سنجے جھا بھی موجود رہے۔
ڈاکٹر فراز فاطمی کیوٹی اسمبلی حلقہ سے آر جے ڈی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن گزشتہ اگست میں انہوں نے جے ڈی یو پارٹی کی رکنیت حاصل کر لی-
پرچۂ نامزدگی کے موقع پر آبی وسائل کے وزیر سنجے جھا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ 'بہار کو انجینئر وزیر اعلی چاہئے یا 8ویں پاس وزیر اعلی۔ انہوں نے صاف کہا کہ جو سروے رپورٹ آرہی ہے اس کے مطابق این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔'
وہیں تیجسوی یادو پر طنز کرتے ہوئے انہوں کہا کہ 'ان کا دس لاکھ روزگار دینے کا وعدہ روزگار مال بنانے والا ہے لیکن اس کے لیے سمجھداری کی ضرورت ہے۔ نوکری کی جو میعاد ہے وہ حکومت دے رہی ہے، ہر کھیت کو پانی اور ہنر کی ترقی کر روزگار کے مواقع فراہم کرائے جا رہے ہیں۔
وہیں اس موقع پر ڈاکٹر فراز فاطمی نے کہا کہ 'انصاف کے ساتھ ترقی اس بار کا موضوع ہے اور عوام تبدیلی چاہ رہے ہیں۔ نتیش کمار نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میں اس پر کھرا اتروں گا۔'