پٹنہ: ریاست بہار میں منعقدہ 67ویں بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) مقابلہ جاتی امتحان کا سوال نامہ لیک ہونے کے بعد بی پی ایس سی نے سخت فیصلہ لیتے ہوئے امتحان کو منسوخ کر دیا گیا، جس کے بعد سے بی پی ایس سی پر مسلسل سوال کھڑے ہو رہے ہیں، اس امتحان میں 6 لاکھ سے زائد طلبا و طالبات شریک ہوئے تھے، امتحان کی سختی کے پیش نظر طلبا کا امتحان سینٹر دور دراز مقامت پر رکھا گیا تھا، طلباء مصائب جھیلتے ہوئے امتحان گاہ تک پہنچے اور سوال حل کرنے میں مصروف ہو گئے کہ کچھ ہی دیر میں سوال نامہ لیک ہونے اور سوشل میڈیا کے ذریعے وائرل ہونے کے بعد سے کمیشن نے معاملے کی جانچ کے لیے تین نفری کمیٹی تشکیل دی، کمیٹی کی جانچ رپورٹ کے فوراً بعد امتحان کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ Jap Students Protest in Patna Against Paper Leak
مذکورہ معاملے پر آج جن ادھیکار پارٹی طلباء یونین نے شہر کے کارگل چوک پر زبردست احتجاج و مظاہرہ کیا اور بی پی ایس سی کے چیئرمین کو برخواست کی مانگ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی. جاپ یوتھ کے ریاستی صدر راجو دانویر نے کہا کہ مسلسل دن رات پڑھائی کرنے والے طلباء کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے، چھ لاکھ طلباء کی محنت پر ضلع انتظامیہ و حکومت کی ناکامی نے پانی پھیر دیا، اب بہار کی حالت یہ ہو گئی ہے کہ یہاں کوئی بھی امتحان سوال نامہ لیک اور بغیر بدعنوانی کے ختم نہیں ہوتا، اس لیے ہم لوگوں کا مطالبہ ہے کہ جس پریشانی سے طلبا مالی مشکلات کو برداشت کر امتحان دینے پہنچے تھے انہیں ریاستی حکومت فوری 50 ہزار روپے کا معاوضہ دے تاکہ ان کی مالی حالت ٹھیک ہو سکے۔
راجو دانویر نے کہا کہ بہار کا تمام ادارے یہاں کے نوجوانوں کا مستقبل برباد کرنے کا کارخانہ بن گیا ہے جو کہ افسوسناک ہے. ایک تو یہاں ویکنسی نہیں نکلتی، ویکنسی نکلتی ہے تو امتحان وقت پر نہیں ہوتا اور امتحان ہوتا بھی ہے تو سوال نامہ لیک ہو جاتا ہے، آخر طلباء کے مستقبل کے ساتھ اس طرح کا کھلواڑ کب تک ہوتا رہے گا. روی داس نے کہا کہ یہ پرچہ نہیں بلکہ نوجوان طلباء کی زندگی لیک ہو رہی ہے، بچوں کی تعلیم میں لگی والدین کے خون پسینے اور محنت کی کمائی لیک ہو رہی ہے، اس پورے کھیل میں اوپر سے نیچے تک تمام افسران شامل ہیں جس پر وزیر اعلیٰ کارروائی کرے۔