گیا: کانگریس اقلیتی شعبے کے قومی صدر عمران پرتاب گڑھی کا بہار دورہ منسوخ ہو گیا ہے۔ عمران پرتاب گڑھی کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ ہوا ہے۔ کانگرس اقلیتی شعبہ کے قومی جنرل سکریٹری عمیر احمد خان نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ کو فون پر اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ کل 13 اگست کو قومی صدر و راجیہ سبھا ایم پی عمران پرتاب گڑھی بہار کے دورے پر آنے والے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہریانہ کے گروگرام کی ایک مسجد میں شہید کیے گئے بہار کے سیتا مڑھی کے باشندہ حافظ سعد مرحوم اور جے پور مہاراشٹر ٹرین میں آرپی ایف کے جوان کے ذریعے گولی مار کر شہید کئے گئے مدھوبنی کے رہنے والے محمد اصغر مرحوم کے لواحقین سے ملاقات کرنے والے تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ عمران پرتاپ گڑھی لواحقین سے ملاقات کے بعد وہ بہار حکومت کے بڑے رہنماؤں بالخصوص وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تجسوی پرساد یادو سمیت کانگریس پارٹی کے کے وزراء سے ملاقات کر ان دونوں مرحومین کے لواحقین کی مدد کے حوالہ سے باتیں کرتے، تاکہ دونوں مرحومین کی ہر طرح سے مدد ہو، لیکن اقلیتی شعبے کے قومی صدر عمران پرتاب گڑھی کی اچانک طبیعت خراب ہو گئی ہے وہ دلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ عمیر احمد خان نے بتایا کہ عمران پرتاپ گڑھی ڈینگو سے متاثر ہوئے ہیں ، اُنہوں نے ای ٹی وی بھارت کے قارئین اور سامعین سے عمران پرتاپ گڑھی کی صحت یابی کیلئے دعا کرنے کی بھی اپیل کی ہے اور کہا کہ اُنکی پارٹی کی طرف سے پہل کر بہار حکومت کی جانب سے مدد کرائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: Independence Day In Gaya یوم آزادی کے جشن کے موقع پر مسلم کاریگروں کے ہاتھوں کا ترنگا لہرائے گا
واضح ہوکہ بہار حکومت سے مسلسل مطالبہ ہو رہا ہے کہ جس طرح سے تلنگانہ حکومت نے ٹرین حملے میں شہید ہوئے مسلم شخص کے لواحقین کی مدد کی ہے ،اسی طرح بہار حکومت بھی مدد کرے ، اس حوالہ سے بہار کانگریس اقلیتی شعبہ کے سابق سکریٹری پرویز اختر نے بھی حکومت بہار سے ایک کروڑ روپے مالی مدد دینے کے ساتھ ملزمین کے خلاف اہل خانہ کو قانونی مدد پہنچانے کی مانگ کی ہے ۔پرویز اختر نے کہا کہ عمران پرتاب گڑھی کی اچانک طبیعت علیل ہونے کی وجہ سے وہ دورے پر تو نہیں آ سکے لیکن توقع ہے کہ وہ صحت یاب ہونے کے بعد یہاں آئیں گے اور حکومت بہار سے بات کر ان دونوں کے لواحقین کی مدد کرائیں گے۔