ریاست بہار کے ضلع کشن گنج کے ٹھاکرگنج اسمبلی حلقہ کے دگھل بینک بلاک میں سینکڑوں کی تعداد میں دلت، مہادلت نے مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کی ممبرشپ حاصل کی۔ اس موقع پر ایم آئی ایم رہنما اسد اقبال نے کہا کہ 'یہ علاقہ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے دہی بھات گاؤں پہونچنے کے لیے ایک کیلو میٹر پہلے ہی گاڑی چھوڑنی پڑتی ہے۔
مجلس کے قومی صدر اسدالدین اویسی کے تعلق سے اسد اقبال نے کہا کہ 'اویسی صاحب ملک کے سبھی دبے کچلے طبقے کی آواز بلند کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کی مقبولیت تمام برادری میں یکساں ہے۔
اسد الدین اویسی کا پیغام میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعہ گھر گھر پہنچ چکا ہے اسی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں ان کے ساتھ جڑتے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ورچوئل ریلی کی پِچ پر سیاسی بلے بازی
اسد اقبال نے کہا کہ 'ٹھاکرگنج میں پچھلے 10 سال سے جے ڈی یو کے رکن اسمبلی ہیں اور صوبہ میں بھی انہیں کی سرکار ہے باوجود اس کے یہ علاقہ سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کا خمیازہ اس بار موجودہ رکن اسمبلی نوشاد عالم کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔