شہر گیا کے چندوتی تھانہ حدود میں واقع صاحب گنج محلے سے لاپتہ جھارکھنڈ پولیس Missing Jharkhand Policeman کے جوان کو گیا پولیس نے برآمد کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ہر پریت کمار نے چندوتی تھانہ میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد اے ایس پی منیش کمار کی قیادت میں پولیس کی ٹیم تشکیل دے کر برآمدگی کے لیے ہدایت دی تھی۔
ایس ایس پی ہر پریت کور کے مطابق جھارکھنڈ پولیس کا جوان گھریلو تنازع کی وجہ سے غائب ہوا تھا۔ ایس ایس پی نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ کو فون پر بتایا کہ مزید تفصیل نوجوان کے گیا آنے کے بعد پوچھ تاچھ کے بعد ہی معلوم ہوسکے گی۔ نوجوان اپنی مرضی سے گھر سے گیا تھا۔
دراصل 31 جنوری کی شام کو اچانک منیش کمار سنگھ اپنے سسرال سے لاپتہ ہوگیا تھا، جس کے بعد اس کی بیوی پریہ سنگھ نے ایف آئی آر درج کرایا۔ ایک ہفتے تک کوئی سراغ نہیں ملنے پر پریہ سنگھ نے ایس ایس پی سے آٹھ فروری کو مل کر چندوتی تھانہ کی پولیس کے خلاف کارروائی نہیں کرنے کی شکایت کی۔
پریہ سنگھ کے ساتھ ان کے والد جو شہر کے کوتوالی تھانہ میں ہولدار کے پوسٹ پر تعینات ہیں وہ بھی شامل تھے۔ ایس ایس پی نے اس معاملے پر ایکشن لیا اور کاروائی کی ہدایت دی۔
گھر والوں نے گاؤں کے رشتے داروں پر اغوا کا مقدمہ درج کرایا تاہم پولیس نے سبھی پہلوؤں پر جانچ کی تو پتہ چلا کہ نوجوان منیش سنگھ جھارکھنڈ میں ہے۔
ای ٹی وی بھارت اردو نے اس سلسلے میں اہتمام کے ساتھ خبر شائع کی تھی جس کے بعد گیا پولیس نے مزید مستعدی دکھا کر کئی علاقوں میں چھاپے ماری کی جس کی وجہ سے پولیس نے یہ کامیابی حاصل کی۔