گیا (بہار) : ریاست بہار کے شہر گیا کی صفائی ستھرائی اور کوڑا کچرا اٹھانے کی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن کی ہے۔ لیکن کارپوریشن کی 20 سے زیادہ گاڑیاں خراب اور خستہ حالت میں ہیں۔ کئی گاڑیوں کے ٹائر تک پھٹے ہوئے ہیں اور کچھ کے انجن نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ فی الحال کچھ ہی گاڑیوں سے شہر کی صفائی ستھرائی کا نظام چلایا جا رہا ہے تاہم ہندوؤں اور مسلمانوں کے دو اہم تہواروں کے پیش نظر چند ایک گاڑیوں کے ذریعے شہر بھر کی مکمل صفائی مشکل نظر آ رہی ہے۔
اس ماہ مسلمانوں کا عید میلادالنبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی ہے، جسے ضلع سمیت شہر بھر کے مسلمان بڑی عقیدت و احترام سے مناتے ہیں اور اس دوران صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے جبکہ ہندوں کے ایک اہم پروگرام عالمی شہرت یافتہ پتر پکش میلہ بھی اسی ماہ 28 ستمبر سے شروع ہوگا جو 17 دنوں تک جاری رہےگا۔ اس میلے میں ملک کی سبھی ریاستوں کے علاوہ بیرون ممالک سے بھی عقیدت مند آتے ہیں۔ اس کے باوجود یہاں صفائی ستھرائی کے لیے استعمال میں لائی جا رہی گاڑیوں کے تعلق سے کارپوریشن کے افسران حساس نظر نہیں آ رہے۔
وارڈ کونسلر کے نمائندہ وسیم احمد نے بتایا کہ صفائی میں لگنے والی گاڑی اور مشینوں کے خراب ہونے کی اطلاع مسلسل میئر اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے اراکین کو مل رہی تھی۔ آج وارڈ کونسلروں کے ساتھ میئر گنیش پاسوان اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن موہن شریواستو نے ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع کارپوریشن کے اسٹور پہنچ کر جائزہ لیا ہے۔ اسٹور میں لگی گاڑیوں کی حالت انتہائی خراب پائی گئی، یہی صورتحال اور بے توجہی کا معاملہ رہا تو آنے والے دنوں میں صفائی میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی بھاری قلت ہوگی۔ حالانکہ انہوں نے بتایا کہ جائزہ کے دوران میئر گنیش پاسوان نے اہلکاروں کو ہدایت دی ہے کہ خراب پڑی گاڑیوں کو جلد درست کرایا جائے۔ اس کے لیے کئی کمپنیوں کے لوگوں کو بھی بلایا گیا تھا تاکہ گاڑیوں کا جائزہ لے کر ان کی مرمتی کا اسٹیمیٹ تیار کیا جائے اور 28 ستمبر تک کچھ گاڑیوں کو درست کرا کر صفائی نظام میں لگایا جا سکے۔
اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن موہن شریواستو نے بتایا کہ کئی وارڈ کونسلروں کے ساتھ کارپوریشن اسٹور کا جائزہ لیا گیا اس دوران 20 سے زیادہ صفائی گاڑیاں انتہائی خراب پائی گئی جبکہ کچھ بڑی گاڑیاں، جو گیلے کچرے کو اٹھاتی ہیں، کے انجن میں خرابی پائی گئی۔ انہیں درست کرنے کے لیے متعلقہ کمپنیوں سے رپورٹ لی گئی ہے اور آن اسپاٹ متعلقہ حکام نے کام شروع کر دیا ہے۔ سبھی گاڑیوں کو جلد درست کرانے کے ساتھ دو دنوں میں بقیہ گاڑیوں کی سرویسنگ کرانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: گیا:برسات آنے سے قبل ہی نالے و نالیوں کی صفائی کا کام شروع
جائزہ کے دوران یہ بھی پایا گیا ہے کہ اسٹور میں گاڑیوں کا دھیان نہیں رکھا جاتا ہے اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے کوئی شیڈ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیڈ بنوانے کے ساتھ ساتھ اسٹور کی ٹوٹی ہوئی باؤنڈری کی بھی تعمیر کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دراصل گیا میونسپل کارپوریشن دو برسوں سے سوچھ بھارت مشن کے تحت بہار میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کر چکا ہے، لیکن حال کے گزشتہ دنوں میں یہاں صفائی کا نظام خستہ ہو چکا ہے۔