ملک بھر میں 21 جولائی کو عید الاضحٰی کا تہوار منایا جائے گا تاہم اس برس بھی کورونا وبا کا اثر اس تہوار پر دکھائی دے رہا ہے۔ گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی عیدگاہ، گاندھی میدان اور جامع مسجد میں اجتماعی طور پر نماز ادا نہیں کی جائے گی جس کی وجہ سے علماء کرام، ائمہ مساجد اور مساجد کمیٹیوں میں مایوسی ضرور ہے لیکن کورونا وبا کی وجہ سے حکومتی گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
گاندھی میدان عیدگاہ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر فراست حسین، نائب صدر ڈاکٹر حامد حسین اور سکریٹری راحت قادری نے فون پر بتایا کہ اس مرتبہ بھی گاندھی میدان میں نماز نہیں ہوگی۔ اسی طرح کربلا اقبال نگر میں واقع عیدگاہ کے خطیب وامام مولانا سید صباح الدین منعمی نے عیدگاہ میں عید الاضحٰی کی نماز نہیں ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اس کے علاوہ جامع مسجد، حضرت پیر منصور مسجد،چھتہ مسجد اور پولیس لائن مسجد میں اجتماعی طور پر یعنی کہ مصلیان کی بڑی تعداد نہیں ہوگی۔ حکومتی گائیڈ لائنز کے تحت سبھی مساجد میں نماز ہوگی لیکن چند افراد ہی باجماعت نماز ادا کریں گے۔
اس کے علاوہ علماء کرام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وبا کے متعلق جو بھی سرکاری ہدایات ہیں اس پر عمل کریں کیونکہ گیا بھی کورونا سے بری طرح متاثر رہا ہے، یہاں کے سینکڑوں افراد کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں اس لیے کورونا کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
گاندھی میدان عیدگاہ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر فراست حسین نے کہا کہ ' کورونا وائرس کی تیسری لہر کا خدشہ برقرار ہے تو ایسے میں بے احتیاطی ہر گز نہیں ہونی چاہیے۔ سبھی لوگ گھروں میں رہ کر اپنوں کے ساتھ تہوار اور خوشیاں منائیں۔ خاموشی کے ساتھ سبھی فرائض اور واجبات کی ادائیگی کریں۔ قربانی کریں تاہم کوشش ہوکہ ہجوم اکٹھا نہ ہو۔