گیا: گیا کے وارڈوں میں صفائی اہلکاروں کی کمی کے تعلق سے ای ٹی وی بھارت اُردو کی خبر کا اثر ہوا ہے ، کارپوریشن نے اپنے ماتحت وارڈوں کے لئے تین سو اہلکاروں کو یومیہ اجرت پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گیا میونسپل کارپوریشن کے اُن وارڈوں میں جو آبادی کے لحاظ سے بڑے ہیں تاہم وہاں کارپوریشن کے صفائی اہلکاروں کی تعداد کم ہے ، اب وہاں اضافی صفائی اہلکاروں کی بحالی ہوگی، حالانکہ یہ آؤٹ سورسنگ کے ذریعے صفائی اہلکار لیے جائیں گے، لیکن بڑی اور خاص بات یہ ہے آج میونسپل کارپوریشن بورڈ کی نشست میں ای ٹی وی بھارت اُردو کی خبر کا اثر ہوا ہے۔
ای ٹی وی بھارت اُردو نے گزشتہ روز اہتمام کے ساتھ وارڈ 6 کے اقبال نگر ،وارث نگر میں صفائی ستھرائی کے خستہ حال نظام پر رپورٹ شائع کی تھی اور بتایا تھا کہ یہاں وارڈ میں 2600 سے زیادہ ہولڈنگ ٹیکس دہندگان ہیں جس میں صفائی اور کوڑا کچرا اٹھانے کا بھی ٹیکس شامل ہے ، باوجود کہ یہاں کوڑا کچرا اُٹھانے والے صفائی اہلکاروں کی تعداد صرف پانچ ہے ، آج ای ٹی وی بھارت اُردو کی خبر کا اثر یہ ہوا کہ کارپوریشن کے بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ وارڈ چھ سمیت اُن سبھی وارڈ جو آبادی کے تناسب سے بڑے ہیں لیکن وہاں صفائی اہلکار کم ہیں اُن سبھی جگہوں کے لیے 300 صفائی اہلکار بحال کیے جائیں گے تاکہ بہتر ڈھنگ سے صفائی ستھرائی کا نظام بحال ہو ، میئر کی اس تجویز کو بورڈ نے منظور کر لیا ہے ، اب اگلے کچھ دنوں میں سبھی جگہوں پر صفائی ملازمین کو بحال کردیا جائے گا ،اقبال نگر وارڈ چھ کی مسلم خاتون کاؤنسلر نے اس حوالہ سے آواز اٹھاکر رپورٹ کا حوالہ بھی دیا تھا جس پر کمیٹی کے رکن اور سابق ڈپٹی میئر موہن شریواستو نے اُنہیں بتایا کہ اس حوالہ سے تجویز تیار ہے ، سلسلے وار طریقے سے ایجنڈوں پر بات ہوگی تو اس پر فیصلہ ہو جائے گا۔
دراصل آج کارپوریشن کے بورڈ کی میٹنگ ہوئی تھی ۔جسکی صدارت میئر وریندر کمار عرف گنیش پاسوان کی ۔جبکہ میٹنگ کی نظامت سابق ڈپٹی میئر اکھوری اومکارناتھ عرف موہن سریواستو نے کی۔میٹنگ میں گیا شہری حلقہ کے ایم ایل اے ڈاکٹر پریم کمار، ڈپٹی میئر چنتا دیوی، میونسپل کمشنر ابھیلاشا شرما سمیت کئی کاؤنسلر شامل ہوئے اور اُنہوں نے اسٹینڈنگ کمیٹی کے منظور شدہ فیصلوں پر اپنی رضامندی ظاہر کی ، ساتھ ہی اپنے وارڈ کے مسائل کے تعلق سے بھی بورڈ کے اعلی حکام کو واقف کرایا ۔میٹنگ میں گیا میں منعقد ہونے والے سالانہ پترپکش میلہ 2023 کی تیاری کے تعلق سے بھی منظور کیے گئے فیصلوں پر تبادلہ خیال ہوا اور لائٹنگ سسٹم، واٹر سپلائی، صفائی ستھرائی، آلودگی پر قابو پانے، ریونیو میں اضافہ اور تمام وارڈوں میں سڑک-گلی کی تعمیر اور کئی اہم ترقیاتی کاموں پر بورڈ کے اراکین کی مہر تصدیق ثبت کی گئی۔ میئر گنیش پاسوان نے کہا کہ کارپوریشن شہر کو اسمارٹ بنانے اور ترقیاتی کاموں کے لیے پرعزم ہے ۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے کارپوریشن کے وارڈ 1 سے 53 تک گلی محلے کے نالے اور سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔ اس کے لیے 35 کروڑ کے لاگت سے 288 اسکیمیں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: Gaya DM Tyag Rajan اساتذہ تقرری کے لیے دو شفٹوں میں ہوگا امتحان
بورڈ میٹنگ میں کمیٹی کے رکن موہن سریواستو نے کہا کہ گیا شہر کو اسمارٹ بنانے کی سمت میں صفائی پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بہت سے بڑے وارڈ ہیں، جن میں وسائل اور روزانہ صفائی کرنے والوں کی کمی کی وجہ سے 100 فیصد کچرا اٹھانے کا کام نہیں ہو رہا۔ اس کے لیے افرادی قوت کی کمی ہے، انہوں نے بورڈ کو بتایا کہ شہر کی خصوصی صفائی کے پیش نظر 300 اضافی یومیہ اہلکار کو بحال کرنے کی تجویز ہے ، اُنکی اس تجویز کو بورڈ نے منظوری دے دی ہے۔