بہار کے ضلع گیا میں ایک فرانسیسی خاتون اپنے ٹرسٹ 'ممی جی' کے بینر تلے مسلسل ضرورت مند و بے سہارا افراد کے درمیان اشیائے خوردونوش تقسیم کر رہی ہیں۔
سوموار کو بھی انہوں نے متعدد گاؤں کے سینکڑوں افراد کے درمیان ضروری ساز و سامان تقسیم کیا۔ برسوں سے یہ فرانسیسی خاتون جینی پرے بودھ گیا میں غریبوں کی معاشی وتعلیمی حالت سدھارنے میں مصروف ہیں۔
ممی جی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ذریعے فرانسیسی خاتون برسوں سے ضلع گیا کے بودھ گیا میں غریب بچوں کی تعلیم اور انکی کفالت کی ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔
ممی جی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ترجمان منا کمار کا کہنا ہے 'ٹرسٹ کا واحد مقصد غریب کنبے کو بھوکے نہیں سونے دینا ہے'۔
انہوں نے مزید کہا 'کھانے کا سامان مسلسل تقسیم کیا جارہا ہے۔ اس پوری مہم میں سب سے زیادہ ترجیح ایسے لوگوں کو دی جارہی ہے جو واقعی غریب ہیں اور جھونپڑ پٹیوں میں رہتے ہیں'۔
ممی جی کے نام سے مشہور فرانسیسی خاتون جینی پرے نے بتایا 'بودھ گیا کے چھاچھ اور موراٹولا گاوں کے سینکڑوں ضرورت مندوں کے درمیان راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ لاک ڈاون سے ہی ممی جی ایجوکیشنل ٹرسٹ ضرورت مندوں کی خدمت میں مصروف ہے اور آگے بھی اس طرح کی مہم جاری رہیگی۔ کورونا وبا کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم اپنی صلاحیت اور مالی حیثیت کے مطابق غریبوں اور ضرورت مندوں کے درمیان راشن اور کھان پان کا سامان تقسیم کر رہے ہیں'۔