سنہ 2014 سے جاری اس کوچنگ منصوبے کے ذریعے اب تک تقریباً 40 مسلم طلبا و طالبات بہار سِول سروسز میں افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس سلسلے میں اب 26 جولائی سے داخلہ ٹیسٹ کا آغاز ہوگا۔ 65 ویں بی پی ایس سی پی ٹی کے امتحانات کی درخواست دی جا رہی ہیں۔
حکومت بہار کی جانب سے محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے زیر اہتمام ریاستی حج ہاؤس میں اس امتحان کی تیاری کے لیے مفت رہائشی بی پی ایس سی کوچنگ منصوبے کا آغاز 2 اگست سے ہوگا۔
اس میں داخلے کے لیے حج ہاؤس کے شعبہ کوچنگ اور گائیڈنس سیل نے داخلہ امتحان کے لیے 28 جولائی شام چار بجے کا وقت مقرر کیا ہے۔ داخلہ امتحان میں 75 طلبا و طالبات کا انتخاب ہوگا۔
یکم اگست کو اس امتحان کے نتائج آنے کے بعد داخلے کا آغاز ہوگا اس مفت رہائشی کوچنگ میں طلبا و طالبات سے صرف طعام کے لیے 3500 روپے ماہانہ لیے جاتے ہیں۔
حج کمیٹی کے سی ای او راشد حسین نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ '65 ویں بی پی ایس سی پی ٹی کے لیے فارم بھرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ سال 2019 سے مفت رہائشی کوچنگ کا نظم ہوگا جس میں 75 طلبا وطالبات کو منتخب کیا جائے گا۔ حج ہاؤس شعبہ کوچنگ اور گائیڈنس سیل میں طالبات کے لیے علیحدہ نظم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کے لیے ملک کے نامور آئی ایس کوچنگ انسٹی ٹیوٹ سے ماہر اساتذہ کی خدمات لی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی انہیں انٹرنیٹ آن لائن تعلیم، لائبریری اور تمام طرح کی کتابوں کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ داخلے کے لیے امتحان کی ضرورت اس لیے پیش آتی ہے کہ یہاں تقریباً ایک ہزار سے زائد کی تعداد میں گذشتہ برس بچوں نے فارم بھرا تھا۔ 75 سیٹ ہونے کی وجہ سے داخلہ ٹیسٹ لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں بچے یہاں سے کامیاب ہو کر مختلف شعبوں میں افسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 75 میں سے 25 سیٹیں طالبات کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ طالبات کے قیام و طعام کے لیے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔