دربھنگہ: مشرقی وسطی ریلوے کے دربھنگہ- سمستی پور ریلوے سیکشن کے لہریا سرائے اسٹیشن کے نزدیک سوتنترتا سینانی ایکسپریس کی پینٹری کار میں اچانک آگ لگ گئی، لیکن ڈرائیور کی عقلمندی کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ریلوے کے سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ جے نگر سے نئی دہلی جانے والی 12561 اپ سوتنترتا سینانی ایکسپریس دربھنگہ سے نکلنے کے بعد لہریا سرائے اسٹیشن پہنچی ہی تھی کہ ٹرین کی پینٹری کار میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگا کر ٹرین کو روک دیا۔ جس کے بعد ریلوے عملہ نے آگ پر قابو پالیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ اگرچہ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ پینٹری کار میں آگ شارٹ سرکٹ یا کھانا پکانے کے دوران لگی، لیکن یہ راحت کی بات ہے کہ آگ ٹرین کے دیگر ڈبوں تک نہیں پہنچی۔ سیکورٹی جانچ کے بعد اجازت ملنے پر ٹرین کو تقریباً ایک گھنٹے کے بعد سمستی پور روانہ کر دیا گیا۔ لہریا سرائے اسٹیشن ماسٹر سنیل کمار سریواستو نے بتایا کہ 'سمستی پور اسٹیشن کو اطلاع دی گئی تاکہ ٹرین کی جانچ کی جائے، انہوں نے بتایا کہ 'ٹرین کی پینٹری کار میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر لہریا سرائے پولیس اسٹیشن کے ساتھ ساتھ فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئی۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ٹرین کو سمستی پور روانہ کر دیا گیا۔ وہاں مکمل جانچ کی جائے گی۔"
یہ بھی پڑھیں: Madhubani Train Fire: مدھوبنی ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین میں آتشزدگی
یو این آئی