ریاست بہار کے ضلع ارریہ میں گھنے کہرے کے باعث وزیبلٹی بہت کم ہوگئی ہے۔ جس کی وجہ سے بازار و دیگر عوامی جگہوں پر سناٹا پسرا رہا۔ دن کے دو بجے بھی لوگ سڑکوں پر لائٹ جلا کر گاڑیاں چلاتے ہوئے نظر آئیں۔ لوگوں کو خاصا پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 'فی الحال دو سے تین دن ابھی ارریہ میں اسی طرح کا کہرا چھایا رہے گا۔ دسمبر مہینے میں عام طور سے اس طرح کا موسم رہتا ہے۔'
وہیں لوگ ضرورت کے مطابق ہی اپنے گھروں سے نکلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ارریہ میں ٹھنڈ کے پیش نظر اب تک ضلع انتظامیہ یا نگر پریشد کی جانب سے کوئی خاص انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ وہیں لوگ اپنے اپنے طور سے سڑکوں اور دیگر چوک چوراہوں پر لکڑی جلا کر ہاتھ تاپتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
ارریہ کے بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن، چاندنی چوک، اے ڈی بی چوک، کالی مندر، زیرو مائل وغیرہ جگہوں پر لوگ گروہ کی شکل میں ٹھنڈ سے نجات پانے کے لئے آگ کے پاس بیٹھے ہوئے نظر آئیں۔
اس ضمن میں محمد آصف نے کہا کہ بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن کے پاس الاؤ کی سخت ضرورت ہے، چونکہ باہر سے آنے والے مسافر یہیں سے گزرتے ہیں، اگر الاؤ کا نظم رہے گا تو کچھ دیر رک کر یہاں لوگ بیٹھ سکیں گے۔'
یہ بھی پڑھیں: بہار: نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل
وہیں نگر پریشد کے چیئرمین رتیش رائے نے کہا کہ 'حکومت سے الاؤ کے نام پر ہم لوگوں کے پاس صرف پانچ ہزار کی رقم آتی ہے، جو ناکافی ہے، باوجود اس کے ہم لوگ ذاتی طور پر شہر کے مختلف مقامات پر الاؤ کا انتظام کرتے ہیں، اس بار بھی ہم لوگوں کی طرف سے الاؤ کا نظم ہو رہا ہے تاکہ یومیہ مزدور اور باہر سے آنے جانے والے مسافروں کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔'