سدانند سنگھ ایک بااصول اور اعلیٰ کردار کی حامل شخصیت کا نام ہے جنہوں نے پوری زندگی اپنی سیکولر فکر اور اصول پرست کے طور پر نمایاں کردار ادا کیا، ان کی اسی ایمانداری کی وجہ سے وہ ہر عام و خاص میں مقبول رہنما تھے، تمام پارٹی کے لیڈران سے ان کے ذاتی تعلقات بہت اچھے اور خوشگوار رہے، ان کی زبان سے کسی کی دل آزاری نہیں ہوئی، اسی وجہ سے ان کی مخالف پارٹی کے لیڈران بھی ان کا دل سے احترام کرتے تھے، جس کی کمی آج ہر کوئی محسوس کررہا ہے۔
مذکورہ باتیں آنجہانی سدانند سنگھ کے قریب رہے سابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ ڈاکٹر شکیل احمد نے ای ٹی وی بھارت سے فون پر تعزیت کرتے ہوئے کہی. ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ میں ان کی شخصیت سے بہت متاثر تھا، ان میں غضب کا صبر تھا، مستقل مزاج تھے، جس سے تعلق ہوا تو اخیر وقت تک نبھایا، اپنی سیاست کا آغاز انہوں نے کانگریس سے کیا، درمیان میں کئی نشیب و فراز کو بھی انہوں نے دیکھا مگر برے وقت میں بھی انہوں نے کانگریس کو نہیں چھوڑا، بلکہ ہمہ وقت مضبوط کرتے رہے. بہار میں کانگریس کا مطلب سدانند بابو ہی سمجھے جاتے تھے۔
مزید پڑھیں:دہلی فساد معاملہ: دو بچوں کی ماں 10 ماہ بعد ضمانت پر رہا
ڈاکٹر شکیل احمد نے کہا کہ وہ زمین سے جڑے لیڈر تھے، عوام میں اس قدر مقبول ہوئے کہ سب سے زیادہ بار اسمبلی انتخاب جیتنے کا ریکارڈ ان کے نام درج ہے، پھر بہار اسمبلی کے باوقار صدر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
سدا نند سنگھ نے کانگریس پارٹی کو سینچنے اور سنوارنے میں اپنا خون جگر جلایا تھا، وہ مجھے بے حد عزیز رکھتے تھے، جب بھی ملاقات ہوتی خندہ پیشانی سے ملتے، انتقال سے قبل بھی میں ان کی عیادت کرنے ان کے گھر گیا تھا، یقیناً ان کے ان انتقال سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کی بھرپائی مشکل ہے۔