پٹنہ : طویل انتظار کے بعد نتیش حکومت نے بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے کارگزار چیئرمین کے طور پر محکمہ تعلیم میں سیکنڈری ایجوکیشن بہار کے ڈپٹی ڈائریکٹر و سماجی کارکن عبدالسلام انصاری کو نامزد کیا ہے۔ عبدالسلام انصاری کو مالیاتی امور سمیت تمام کاموں کو انجام دہی کا اختیار دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد عبدالسلام انصاری نے دفتر پہنچ کر عہدہ سنبھال لیا ہے، انصاری ایک اچھے منتظم کار ہونے کے ساتھ اردو کے بے لوث خادم کے طور پر اپنی شناخت رکھتے ہیں۔
عہدہ سنبھالنے کے بعد عبدالسلام انصاری نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کی، انہوں اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مدرسہ بورڈ کے تمام کاموں کو ضابطہ کے مطابق انجام دیں گے،عبدالسلام انصاری نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ کسی بھی قسم کی بد عنوانی بر داشت نہیں کی جائیگی۔ بدعنوانی کے معاملے میں ان کی پالیسی زیرو ٹالرنس کی ہوگی، ساتھ ہی مدرسہ بورڈ خیمہ بازی اور ہر طرح کی سیاست سے پاک ہو یہ بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
عبدالسلام انصاری نے کہا کہ مدرسہ کا اپنا ایک الگ معیار ہوگا، یہاں مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ طلباء میں قومیت کا جذبہ بھی پیدا کیا جائے گا اور اس کے لئے الگ سے منصوبہ بندی کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ بہار کے بیس لاکھ سے زائد طلبہ کا مستقبل کس طرح روشن ہو اور بین الاقوامی سطح پر مدرسہ بورڈ کی شناخت کیسے قائم ہو، اس پر ہماری خصوصی توجہ ہوگی. اس کام کے لئے ہم اساتذہ اور طلبہ تنظیموں سے بھی رابطہ کر ان سے مشاورت کے بعد اسے یقینی بنائیں گے، وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے جو ذمہ داری مجھے سونپی ہے اسے ہر حال میں پورا کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:Bihar Madrasa Board :مدرسہ بورڈ میں نئے اصول و ضوابط کے نفاذ پر لوگوں کا ردِعمل