ریاست بہار میں سیلاب سے متاثرہ 16 اضلاع سیتا مڑھی، شیہر، سوپول، کشن گنج، دربھنگہ، مظفر پور، گوپال گنج، مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، کھگڑیہ، سرن، سمستی پور، سیوان، مدھوبنی، مدھی پورہ اور سہرسہ شامل ہیں۔
متاثرہ پنچایتوں کی تعداد پیر کو 1240 سے بڑھ کر 1260 ہوگئی حالانکہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی تعداد 16 رہ گئی ہے۔
دربھنگہ میں تقریباً 10 افراد جبکہ مظفر پور میں چھ افراد اس کے بعد مغربی چمپارن میں 4، سرن میں 2 اور سیوان میں 2 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ منگل تک بہار میں 66 جانور مر چکے ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق 'بہار کے 16 اضلاع میں 24 افراد ہلاک اور 7502621 متاثر جبکہ 66 جانور ہلاک ہوگئے ہیں۔'
ریاست میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں کو انجام دینے کے لئے تقریباً 33 اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمز تعینات کی گئی ہیں۔ مزید یہ کہ 12479 افراد کو امدادی کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ضلع دربھنگہ میں سب سے زیادہ 10 ہلاکتیں ہوئی ہیں، اس کے بعد مظفر پور میں چھ، مغربی چمپارن میں چار، سرن اور سیوان میں دو دو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ این ڈی آر ایف کی 20 اور ایس ڈی آر ایف کی 13 ٹیمز نے اب تک 536371 افراد کو ڈوبے ہوئے علاقوں سے نکالا ہے۔
باگمتی، برہی گنڈک، کمبلان اور خروئی جیسی متعدد ندیاں خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہی ہیں۔
گنگا بھاگلپور ضلع کے کہلگاؤں میں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ تاہم محکمہ آبی وسائل کے بلیٹن نے بتایا کہ پٹنہ سمیت متعدد مقامات پر اس کی سطح نیچے آگئی۔
پٹنہ کے میٹ آفس نے بدھ کے روز ریاست میں بہنے والے تمام دریاؤں کے کیچمنٹ والے علاقوں میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھاگلپور، دربھنگہ، منگر، پورنیہ اور کوسی ڈویژن کے متعدد اضلاع میں مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا تھا اور متعلقہ حکام کو گنڈک گیراج کو احتیاط سے چلانے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعلیٰ نے ان علاقوں میں سیلاب اور کووڈ 19 صورتحال کا معائنہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ اس خطے میں ندیوں کے پانی کی سطح نسبتاً کم ہے۔ تاہم سیلاب کی صورتحال ستمبر تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ایئر فورس اسٹیشن پر ایک کیمپ لگا کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کووڈ 19 ٹیسٹ میں اضافے کی ہدایت کی تھی۔