ریاست بہار کو چھوڑ کر ملک کے سبھی حصوں میں ان لاک کچھ شرائط کے ساتھ چل رہے ہیں، لیکن بہار میں لاک ڈاٶن نافذ ہے، جو اکتیس جولائی کے بعد کچھ شرائط کے ساتھ 16 اگست تک توسیع کر دیا گیا ہے۔
ایسے میں ایک بار پھر ضلع کیمور کے مسلمان عید کے تہوار کے موقع پر جس طرح سے اجتماعی نماز ادا نہیں کرپائے تھے، اسی طرح سے بقرعید کی بھی نماز اجتماعی طور پر ادا کرنے سے محروم رہ جائیں گے۔
اس موقع پر اجتماعی نماز ادا کرنے پر ریاست کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے مکمل طور پر پابندی عائد کردی ہے۔
ڈی جی پی نے اس موقع پر ایک گائڈ لائن جاری کرکےکیمور سمیت ریاست کے سبھی ایس پی کو مکتوب جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے جاری کردہ حکم کی تعمیل ہر حال میں کرنی ہے۔
ڈی جی پی کے مکتوب کے مطابق بقرعید کے دوران بڑے پیمانے پر تقاریب پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس معاملے میں بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے ایک گائیڈ لائن جاری کی ہے، جس میں انتظامی سختی میں اضافہ ہوا ہے۔
اس خط میں ڈی جی پی نے تمام اضلاع کے ایس پی کو ہدایات جاری کی ہے، ڈی جی پی نے کہا ہے کہ اس دور میں معاشرتی دوری کی پیروی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر لگا کر لوگوں کو اس کے بارے میں آگاہ کیا جائے، اور امن و امان کے پیش نظر اضلاع کو زون اور سیکٹر میں تقسیم کیا جائے، اور مجسٹریٹ کے علاوہ پولیس فورس بھی تعینات کی جائے۔
انہوں نے صاف طور پر کہا کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، انسداد فسادات دستہ حساس علاقوں میں تعینات کرنے کا بھی حکم صادر کیا ہے۔
اس کے علاوہ تمام ایس پی سے کہا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی نظر رکھیں، اسی کے ساتھ ہی تھانیداروں کو بتایا گیا ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے واقعات کو بھی سنجیدگی سے لیں اور جائے وقوعہ کا معائنہ کریں۔
ڈی جی پی کے حکم کے ضمن میں ایس پی دلنواز احمد نے بھی سبھی تھانیداروں کو اس متعلق ہدایات جاری کردی ہے، ساتھ ہی ہر حال میں امن امان بنائے رکھنے کے ساتھ حکم نامہ پر عمل کرنے کو کہا ہے۔
واضح رہے کہ ملک گیر پیمانے پر عیدالضحیٰ کا تہوار یکم اگست کو منایا جائے گا۔