ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار اس میلے کا افتتاح کریں گے اور اس کے لیے وہ 29 جنوری کو صبح 11:30 بجے بودھ گیا پہنچیں گے اور وہ یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیں گے۔
شہر بودھ گیا میں بدھ کے روز بودھ مہوتسوکا آغاز سب سے پہلے کالچکرا میدان میں بنائے گئے وسیع اسٹیج پر بہار کا ترانہ کے ساتھ ہوگا۔ کالچکرا میدان میں 'بودھ َان بہار' کے تھیم پر ایک خوبصورت اور پرکشش اسٹیج بنایا گیا ہے۔
اسٹیج پر گوتم بدھ کا ایک مجسمہ مراقبہ کی حالت میں ہوگا۔ بودھ گیا، راجگیر، نالندا اور دیگر بودھ مقامات بھی اسٹیج پر نظر آئیں گے۔
عوام کے بیٹھنے کے لیے کال چکر میدان میں ایک بہت بڑا پنڈال تعمیر کیا گیا ہے۔ کال چکرا میدان سے لیکر دوموہن سے راجا پور تک کا سارا بودھ گیا رنگین برقی قمقموں سے سجایا جارہا ہے۔
صفائی، لائٹ، پنڈال، ہیلتھ اور مہمانوں کے قیام کے لیے بھی یہاں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر کا لچکرا میدان میں کئی ممالک کے مہمان شریک ہوں گے۔
میلے میں مہاتما بدھ کی زندگی سے متعلق معلومات کے لیے 'ایک رسالہ 'بھی شائع کیا جائے گا۔ جس میں انگریزی اور ہندی دونوں زبانوں کے مضامین شامل کیے گئے ہیں۔
ضلع مجسٹریٹ ابھشیک کمار سنگھ نے بتایا کہ سہ روزہ بودھ مہوتسو میں پہلے روز ہندی سنیما کی مشہور اداکارہ ہیما مالینی اپنے رقص کا جادو پھیلائیں گی۔
دوسرے دن 30 جنوری کو مشہور گلوکار التمش فریدی اور شاداب فریدی یہاں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔آخری دن پلے بیک گلوکار پالک موچل کے گانوں سے بودھ گیا جھومے گا۔
ان کے علاوہ نو ممالک ، جاپان ، تھائی لینڈ ، ویتنام ، سری لنکا ، بھوٹان ، انڈونیشیا ، کمبوڈیا ، لاؤس منگولیا کے فنکار اپنی گلوکاری سے جادو پیش کریں گے۔
پہلی بار جاپانی فنکار بدھ فیسٹیول میں نظر آئیں گے، بدھ کے روز سے شروع ہونے والے تین روزہ بدھ فیسٹیول کی گائیکی کے لیے بیرون ملک سے آنے والے ہزاروں مہمانوں کی سیکیورٹی کے بڑے پیمانے پر انتظامات ہوں گے۔
اس کی وجہ سے بودھ گیا میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پورے علاقے کو پولیس کی نگرانی کے سپرد کردیا گیا ہے۔
کال چکرا میدان سے مہابودھی مندر تک کا علاقہ سیل کردیا گیا ہے، پنڈال میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ خفیہ کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔
بہار پولیس، اسکواڈ ٹیم، پیرا ملٹری فورس، اسپیشل برانچ کے سکیورٹی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔ میلے کے لیے کال چکرا میدان میں پولیس کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔سیکیورٹی کے نظام کی نگرانی خود ایس ایس پی راجیو مشرا کر رہے ہیں۔