گیا: بہار کے ضلع گیا میں منعقد وزیر اعلی اقلیتی روزگار قرض کیمپ کا ہفتہ کے روز اختتام ہوگیا۔ مالی سال 2021_2022 کے لیے گزشتہ 18 جون سے 23 جون تک اس کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ تاہم 17 سے 20 جون کے درمیان اگنی پتھ اسکیم کے خلاف جاری احتجاج کی وجہ سے ضلع کے دیہی علاقے سے جو درخواست گزار کیمپ میں نہیں پہنچے تھے، ان کے لیے چوبیس اور پچیس جون کو کیمپ لگایا گیا تھا۔
اس دو روز میں بقیہ درخواست گزاروں نے اقلیتی فلاح دفتر گیا پہنچ کر اپنے کاغذات کی جانچ کرائی، اس حوالے سے ضلع اقلیتی فلاح کے افسر جتیندر کمار نے بتایا کہ 696 درخواست گزاروں میں سے 230 کے کاغذات کی جانچ ہوچکی ہے۔ تقریبا دس ایسے درخواست گزاروں کی تعداد ہے جن میں سے کچھ نے قرض لینے سے منع کر دیا ہے جب کہ کچھ کے کاغذات مکمل نہیں تھے، آج کیمپ کا آخری دن تھا۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ گیا کے لیے اس مرتبہ قرض کی رقم پانچ کروڑ مختص کیے گئے ہیں۔ محکمہ کی شرائط کے مطابق رقم تقسیم کی جائے گی۔ کتنے لوگوں میں پانچ کروڑ روپے تقسیم ہوں گے، یہ ابھی فائنل نہیں ہے کیونکہ ابھی جانچ جاری ہے۔