ریاست اترپردیش کے ضلع اوریا کے بدھونا علاقے میں ایک نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے والے دو ملزمین کے خلاف تین مہینے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ بدھونا تھانہ علاقے کی باشندہ ایک خاتون نے بدھ کو دیر رات کوتوالی پولیس کو دئیے گئے اپنے تحریر میں گاؤں کے ہی کلدیپ اور انکت پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے یکم فروری کی رات انکے گھر میں گھس کر اس کی نابالغ بیٹی کے ساتھ عصمت دری کی تھی۔
خاتون کے بیان کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اُس وقت وہ اور اس کے شوہر کھیت کی سینچائی کرنے گئے تھے۔
اس نے اپنے تحریر میں دعویٰ کیا ہے کہ غیرت نفس کی وجہ سے اس نے اس واقعے کی کہیں شکایت درج نہیں کرائی تھی لیکن عصمت دری کے بعد اس کی بیٹی قریب چار مہینے کی حاملہ ہے اور ملزم کہیں بھی شکایت کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔
پولیس نے متاثرہ کی ماں کی تحریر پر دیر رات دونوں ملزمین کے خلاف دفعہ 376ڈی،452،506اور تحفظ اطفال ایکٹ2012 کی دفعہ 3اور4 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
متاثرہ کو طبی معائنے کے لئے اسپتال بھیجا گیا ہے، ساتھ ہی ملزمین کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔