بہار کے گیا کے ٹکاری حلقہ میں کانگریس امیدوار پر بدمعاشوں کے ذریعے حملہ کیا گیا ہے۔ حالانکہ اس حملے میں کانگریس امیدوار محفوظ ہیں تاہم انکی گاڑی کو نقصان پہنچاہے ۔ امیدوار نے اپنے اوپر گولی چلائے جانے کی بات بھی کہی ہے ۔
امیدوار کا الزام ہے کہ ‘کئی راونڈ ان پر فائرنگ بھی ہوئی ہے جس میں وہ خوش قسمتی سے بچ گئے ہیں ۔’
دراصل کانگریس کے امیدوار سومنت کمار بوتھ یرغمال بنائے جانے کی شکایت پر بھوری پولنگ بوتھ نمبر 323 ، 324 پر پہنچے تھے۔ اس دوران ان پر حملہ ہوگیا ہے ۔حملہ کرانے کا الزام انہوں نے اپنے مدمقابل امیدوار پر لگایا ہے ۔
سومنت کمار نے انتظامیہ سمیت پولنگ کے تمام اہلکاروں پر اس میں ملوث ہونے کا الزام عائدکیا ہے۔
سومنت نے بتایا کہ “جب وہ بوتھ پر قبضہ کرنے کی شکایت پر پہنچے تو وہاں موجود دوسرے امیدوار کے حامیوں میں ہلچل مچ گئی۔ اسے دیکھ کر وہ ہنگامے پر اتر آئے۔ وہ کسی طرح موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔”
سومنت نے مخالفین پر فائرنگ اور گاڑی کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ایس پی سے تحفظ کی التجا کی ہے۔
وہیں ایس ایس پی راجیومشرا نے ای ٹی وی بھارت اردو کے نمائندہ کو بتایاکہ “حملے کی بات بے بنیاد ہے ۔کانگریس امیدوار کی شکایت پر ٹکاری ایس ڈی پی او ناگیندر کمار نے جاکر تحقیقات کی ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امیدوار خود ہی جاکر پولنگ عملے سے الجھ گئے تھے بعد میں باہر نکلنے کے بعد وہ مقامی لوگوں سے بھی الجھ گئے جس کے بعد کسی نے انکی گاڑی پر پتھر پھینک دیا جس سے انکی گاڑی کے شیشے ٹوٹے ہیں ۔”
انہوں نے کہاکہ ‘پھر بھی انکی گاڑی پرپتھر پھینکنے والے کی پہچان کی جارہی ہے حملے کی بات بے بنیاد ہے۔ ’