گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا سینٹرل جیل کی دیواروں پر مہاتما گوتم بدھ کے پیغامات کو لکھا گیا ہے، پینٹنگ اور پوسٹر کے توسط سے مختلف پیغامات آویزاں ہیں۔ جیل انتظامیہ کا دعوی ہے کہ ڈاکو انگولیمال کو انسانیت کی راہ پر لانے والے مہاتما گوتم بدھ کی تعلیمات پڑھ کر جیل میں بند مجرم شاید راہ راست پر آجائیں، اسی سوچ کے ساتھ جیل انتظامیہ نے جیل کی دیواروں پر مہاتما گوتم بدھ کی پینٹنگ کروائی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی تعلیمات کا بھی ذکرکیاگیا ہے، تاکہ جیلوں میں قید مجرمانہ رجحان کے لوگ انسانیت کی راہ پر چل سکیں اور معاشرے کے مرکزی دھارے سے جڑ کر امن قائم کر سکیں۔ Attempts to Rehabilitate Convicts in Gaya Central Jail Through Religious Messages
جیل کے احاطے کے اندر دیواروں پر مہاتما بدھا کے مختلف آسن، جو عدم تشدد اور انسانیت کا پیغام دیتے ہیں اس کو کندہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ان کے پیغامات بھی لکھے جا رہے ہیں۔ تاکہ بدھا کی تعلیمات کو پڑھ کر قیدی کی ذہنیت اور سوچ میں تبدیلی آئے اور وہ ایک عام آدمی کی طرح زندگی گزار سکے۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قیدی اس اقدام سے بہت خوش ہیں۔ بہت سے قیدی ہر روز مہاتما بدھا کی تعلیمات پڑھتے ہیں اور آپس میں بحث بھی کرتے ہیں۔ جیل انتظامیہ کا بنیادی مقصد ان میں مثبت سوچ لانا ہے۔ ضلع انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ گیا جیل ریاست کی دیگر جیلوں سے مختلف بنانے کے لیے قدم بہ قدم آگے بڑھ رہی ہے۔
- مزید پڑھیں:گیا کی دو جیلوں میں چھاپہ
جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رامانوج کا کہنا ہے کہ بھگوان بدھ کی وال پینٹنگ قیدیوں میں مثبت سوچ کے لیے کی گئی ہے۔ یہ خصوصی اقدام دیگر جیلوں سے فرق پیدا کر رہا ہے۔ یہ قدم یقیناً بہتر نتائج دے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کے علاوہ جیل انتظامیہ کی جانب سے لائبریری اور جم فوڈ بھی چلایا جا رہا ہے۔ جو علم کے ساتھ صحت مند جسم کے لیے ضروری ہے۔