ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں کورونا مثبت مریضوں کو دو زمرے میں تقسیم کرکے ہسپتال میں داخل کیا جائے گا۔ محکمہ صحت نے اس فیصلےسے تمام ضلع مجسٹریٹ اور سول سرجن کو آگہ کر دیا ہے۔ ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا اور میڈیکل کالج ہسپتالوں میں بنائے گئے قرنطین و علاج مراکز میں رکھا جائے گا۔
اضلاع کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کورونا مثبت لوگوں کو زمرہ 1 اور زمرہ 2 میں تقسیم کیا جائے گا۔ کورونا مثبت جن کو خصوصی طبی مدد کی ضرورت نہیں ہے ان کو زمرہ 1 میں رکھا جائے گا۔ جبکہ ایسے افراد کو جنہیں خصوصی طبی مدد کی ضرورت ہے ان کو زمرہ 2 میں رکھا جائے گا۔
محکمہ صحت سے موصولہ معلومات کے مطابق اسی بنیاد پر اب کورونا مثبت لوگوں کو ہسپتالوں میں داخل کیا جائے گا۔ نالندا میڈیکل کالج اور ہسپتال جسے حکومت نے کورونا ہسپتال کے طور پر اعلان کیا ہے۔ اس میں دربھنگہ، منگیر، سارن اور پٹنہ کے مریض داخل ہوں گے۔
جبکہ ضلع گیا کے انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج ہسپتال میں مگدھ ڈویژن، کیمور اور روہتاس کے مریضوں کو داخل کیا جائے گا۔
بھاگل پور، پورنیا اور سہارسا ڈویژنوں سے متاثرہ افراد کو بھاگل پور میں واقع جواہر لال نہرو میڈیکل کالج ہسپتال میں داخل کیا جائے گا۔ محکمہ صحت نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ ان ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی دونوں اقسام کو دھیان میں رکھتے ہوئے آئسولیشن اور علاج مراکز بنائے جائیں۔