بہار اسمبلی الیکشن کا آخری مرحلہ 7 نومبر کو اختتام پذید ہو چکا ہے، جس کے بعد سے ہی تقریباً تمام ایگزٹ پول میں قریبی مقابلہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایسے میں سیمانچل کے کشن گنج ضلع اسمبلی حلقہ میں اس بار کا مقابلہ بے حد دلچسپ ہونے جا رہا ہے۔
کشن گنج اسمبلی سیٹ پر اس مرتبہ سہ رخی مقابلہ ہونے جارہا ہے۔ ویسے تو اس سیٹ پر کل 20 امیدوار کے قسمت کا فیصلہ ایی وی ایم میں قید ہوچکا ہے لیکن سیاسی جنگ کے اس مقابلہ میں تین سیاسی جماعتوں کے امیدوار کا مقابلہ بے حد قریبی ہونے جارہا ہے جس میں ایم آئی ایم، کانگریس اور بی جے پی شامل ہے۔
بتا دیں کہ اس سیٹ سے ایم آئی ایم کے قمرالہدی میدان میں اترے ہیں تو وہیں کانگریس سے اظہار الحسن جبکہ بی جے پی سے سیوٹی سنگھ میدان میں ہیں اور ان تینوں کے درمیان کافی قریبی مقابلہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایم آئی ایم کے امیدوار قمر الہدیٰ نے دوسری مرتبہ ایم آئی ایم کے ٹکٹ پر اس اسمبلی حلقہ سے الیکشن میں حصہ لیا ہے، قمر الہدیٰ نے اس سے قبل 2019 کے ضمنی انتخاب میں ایم آئی ایم کے امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا اور کامیابی درج کی تھی۔
وہیں کانگریس کے اظہار الحسن نے پہلی مرتبہ کانگریس کے امیدوار کے طور پر اس سیٹ سے الیکشن میں حصہ لیا ہے حالانکہ اس سیٹ پر ایم آئی ایم سے پہلے کانگریس کا ہی قبضہ تھا جبکہ بی جے پی کی سیوٹی سنگھ چوتھی مرتبہ بی جے پی کے امیدوار کے طور پر اس سیٹ سے الیکشن میں حصہ لیا ہے۔
سیوٹی سنگھ 2010، 2015، اور 2019 میں بھی اس سیٹ سے الیکشن میں حصہ لے چکی ہیں اور انہیں ہر مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ کشن گنج اسمبلی حلقہ میں اس مرتبہ 60.51 فیصد ووٹ درج کیا گیا ہے یعنی اس مرتبہ کے اسمبلی انتخابات میں کشن گنج اسمبلی حلقہ کے کل 177607 رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے جس میں 87605 مرد اور 90001 خواتین شامل ہیں۔