بہار اسمبلی انتخابات کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے درمیان سیٹ تقسیم کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے۔ بہار میں بی جے پی اور جے ڈی یو کے درمیان 50-50 نشستوں پر انتخاب لڑنے پر بات چیت جاری ہے۔
بہار کے بی جے پی رہنماؤں کا اجلاس بہار قانون ساز اسمبلی انتخابات 2020 کے لئے بی جے پی صدر جے پی نڈا کی رہائش گاہ پر جاری ہے۔ اس اجلاس میں بہار بی جے پی انچارج بھوپندر یادو ، بہار بی جے پی انتخابی انچارج دیویندر فڑنویس ، بہار بی جے پی صدر سنجے جیسوال ، سشیل مودی اور جتن رام ماجھی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بہار اسمبلی انتخابات 2020: عظیم اتحاد میں اختلافات ختم، ٹکٹوں کی تقسیم پر اتفاق
لوک جن شکتی پارٹی کے رہنما چراغ پاسوان کی طرف سے مستقل دباؤ اور نتیش کمار پر دیئے گئے بیانات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جے ڈی یو ذرائع سے موصولہ معلومات کے مطابق جے ڈی یو اور بی جے پی کے مابین 50-50 سیٹوں کا تقسیم ہوا ہے۔ جے ڈی یو کی جانب سے یہ واضح کردیا گیا ہے کہ اس تقسیم کے بعد بی جے پی اور ایل جے پی کے درمیان جو بھی معاہدہ ہے، اس کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔