گیا: بہار کے اسکولوں میں تعطیل نامہ 2024 پر سیاست تیز ہو گئی ہے اور بی جے پی 2024 کے تعطیل نامہ پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن کیا اس بات سے آپ واقف ہیں کہ اُردو اسکولوں اور غیر اُردو اسکولوں کے لئے الگ الگ 2024 تعطیل نامہ جاری ہوا ہے ، دراصل محکمہ تعلیم نے گزشتہ روز 2024 کے لیے اردو اور غیر اردو سرکاری اسکولوں میں چھٹیوں کے دو کلینڈر اور دو نوٹیفیکیشن 2693 اور 2694 جاری کیے ہیں۔ اردو اسکولوں میں پہلے سے ہی جمعہ کو ہفتہ واری چھٹی کا نظم ہے۔ اس نئے کیلنڈر میں اردو اسکولوں میں عید کی چھٹی تین دن دی گئی ہے جبکہ غیر اردو اسکولوں میں اس کی ایک دن کی چھٹی دی گئی ہے۔ بقرعید کے لیے بھی اردو اسکولوں میں تین دن کی چھٹی کی گئی ہے۔
غیر اردو اسکولوں میں مہاشوراتری جن اشٹمی جانکی نومی کی چھٹیوں کا نظم ہے جبکہ اردو اسکولوں میں ان چھٹیوں کے دوران اردو اسکول کھولے رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔ مجموعی طور پر اردو اور غیر اردو دونوں اسکولوں میں 60 دن کی چھٹی دی گئی ہے۔ لیکن بی جے پی اوراساتذہ کی چند تنظیموں نے اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی کی طرف سے اردو اسکولوں کو نشانہ بناتے ہوئے نازیبا اور تعصبانہ الفاظ بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ لیکن محکمہ تعلیم نے اس گمراہ اور افواہ کن بیانات کی تردید کردی ہے۔
محکمہ تعلیم نے تعطیل نامے کے تعلق سے ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ سرکاری چھٹیوں کے مدنظر ہی دو تعطیل نامے جاری کیے گئے ہیں ۔نئے سال میں اردو اور غیر اردو اسکولوں میں چھٹیوں کی کل تعداد میں کوئی فرق نہیں ہے اور دونوں طرح کے اسکولوں میں چھٹیوں کی تعداد 60 ہے ۔ نئے نوٹیفیکشن میں کہا گیاہے کہ سوشل میڈیا پر غلط فہمی پیدا کی جارہی ہے کہ ملک کی عظیم شخصیات کی جینتی کے موقع پر اسکولوں کی تعطیل رد کردی گئی ہے ،جبکہ حقیقت یہ کہ اس سے قبل بھی عظیم شخصیات کی جینتی کے موقع پر اسکول بند نہیں کیے جاتے تھے اور ان اسکولوں میں جینتی دھوم دھام سے منائی جاتی رہی ہے جیسے کہ دو اکتوبر کو مہاتما گاندھی کی جینتی ہر اسکول میں منانا لازمی ہے۔ گرمی کی چھٹی کے اوقات میں تبدیلی کے حوالے سے بھی نوٹیفیکشن میں وضاحت کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کی وجہ سے گرمی کی چھٹیوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بہار میں ہندو تہواروں پر تعطیلات میں کمی اور مسلمانوں کے تہواروں پر چھٹیوں میں اضافہ: مرکزی وزیر گری راج سنگھ
جے ڈی یو کے رہنما عمر نورانی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ بہار کے اسکولوں میں اکثریتی فرقے کے تہواروں کی چھٹیوں میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی ہے ۔ محکمہ تعلیم نے اس کی وضاحت کر دی ہے باوجود کہ بی جے پی پولرائزیشن کی سیاست کرنے کی غرض سے اپنے بیان بازی کے ذریعے افواہ پھیلانے میں لگی ہے ۔ بی جے پی کے کچھ رہنماؤں کی جانب سے ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں جو صاف طور پر متعصبانہ ہیں۔ واضح ہو کہ اردو اسکولوں کے کیلنڈر میں عید اور بقید کی چھٹیوں میں جو اضافہ کیا گیا ہے اس کے عوض اردو اسکولوں میں بسنت پنچمی، مہاشیوراتری، جانکی نومی اور کرشن جنم اشٹمی کی چھٹیاں شامل نہیں کی گئی ہیں۔ اردو اسکولوں میں شب برات کی چھٹی ختم کر دی گئی ہے لیکن بی جے پی اسکا ذکر نہیں کررہی ہے۔