ضلع بھاگلپور کے ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ایک پر بجلی سے چلنے والی سیڑھی کو بنانے کا کام تیزی سے چل رہا ہے، جس کو بنانے کا ٹھیکہ بنگال کی ایک کمپنی کو دیا گیا ہے۔ اور امید کی جارہی ہے لمبے انتظار کے بعد اگلے ماہ سے الیویٹر چالو ہوجائے گا، جس سے معذور اور بزرگ مسافروں کو کافی سہولت ہوگی۔
بھاگلپور ریلوے اسٹیشن مالدہ ڈویژن کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ آمدنی والا ریلوے اسٹیشن ہے، اس کے باوجود یہاں وہ سہولیات میسر نہیں ہیں جو ہونی چاہئے۔ اسی کے مد نظر یہاں کے لوگ کافی دنوں سے اسٹیشن پر بزرگ اور معذور لوگوں کی سہولت کے لئے الیویٹر لگانے کا مطالبہ کر رہے تھے، انکا مطالبہ پورا ہونے والا ہے۔
حالانکہ الیویٹر لگانے کی منظوری پانچ برس قبل ہی ریلوے نے دے دی تھی لیکن افسران کی لاپرواہی کی وجہ سے اس کو لگانے میں کافی تاخیر ہوئی، الیویٹر لگانے کا کام پچھلے دو ماہ سے چل رہا ہے۔
بھاگلپور کے مسافروں کی سہولیات کے لئے آواز اٹھانے والے ناگرک سیوا سمیتی کےصدر رضوان خان نے کہا کہ بھاگلپور کے مسافروں کے ساتھ گزشتہ کئی دہائیوں سے نا انصافی ہوتی رہی ہے جو اب بند ہونی چاہئے۔
بھاگلپور ریلوے لائن کا قیام 1870 عیسوی میں انگریز حکومت نے کیا تھا، اس اعتبار سے یہ بھارت کے قدیم ترین ریلوے لائن میں سے ایک ہے، لیکن قدیم ریلوے لائن ہونے کے باوجود یہاں سہولیات کا فقدان ہے۔