بھاگلپور: ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں واقع جامعتہ الہدی کے ڈائریکٹر مفتی محمد نظام الدین اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں تعلیمی اداروں کی کمی نہیں ہے لیکن معیاری تعلیم کا فقدان ہے جس کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ معیاری تعلیم سے ہی بچوں بچیوں کے مستقبل سنور سکتا ہے۔ اس موقعے پر مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کثیر تعداد میں تعلیمی ادارے ہونے کے باجود تعلیم کے شعبے میں ہم امید کے مطابق ترقی نہیں کر پا رہے ہیں۔ اس کی وجہ موجودہ تعلیمی اداروں میں معیاری اور تربیت یافتہ اساتذہ کی کمی ہے، لہذا اس پر غورو فکر کرنا وقت کا تقاضا ہے۔ اس تعلیمی اجلاس میں علاقے کی اہم شخصیات انظر احمد اور ضلع پریشد نمائندہ ارشد وہاب نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔انہوں نے تجاویز پیش کیں۔
تعلیمی اجلاس میں علاقہ کے مشہور تعلیمی ادارہ ام سلمہ کے ڈائریکٹر شریف نے کہا کہ موجودہ دور میں بچوں کو کامیاب بنانا ہے تو انہیں تمام تر معیاری تعلیم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے بغیر کامیابی نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ اقلیتی اداروں میں معیاری تعلیم کا فقدان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیمی اداروں کی کثرت کے باوجود تعلیم کے شعبے میں کوئی انقلاب پیدا نہیں ہو پا رہا ہے۔ لہذا اس طرف غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے علاوہ مولانا محمد تحسین، مولانا غلام رسول اور دیگر افراد نے معیاری تعلیم کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا جب کہ مفتی محمد زاہد نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔