ریاست بہار کے ضلع گیا کے لیے کورونا وائرس کو لےکر ایک راحت بھری خبر ہے۔ دراصل ضلع گیا میں 30 مارچ سے 4 اپریل کے درمیان 5 کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت پائی گئی تھیں، جس کے بعد ضلع میں خوف کاماحول قائم ہوگیا تھا۔ انتظامیہ و محکمہ صحت کی بھی نیند اڑ گئی تھی کیونکہ پانچوں مریضوں کا تعلق دو خاندان سے تھا اور دونوں خاندان کے لوگ بھیڑ والے علاقے میں رہتے تھے۔
تاہم یہ پانچوں نے کووڈ 19 کی جنگ جیت لیا ہے۔ پانچ کورونا مریض ملنے کے بعد ان میں سے تین مریضوں کو پٹنہ کے این ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا تھا۔ جبکہ ضلع کے انوگرہ نارائن مگدھ میڈیکل کالج وہسپتال میں دو مریض زیر علاج تھے۔ اطلاع کے مطابق سب صحت یاب ہوکر اپنے گھر لوٹ گئے ہیں، حالانکہ انہیں ابھی باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پانچ میں سے چار مریضوں کی منفی رپورٹ 15 اپریل تک آگئی تھی تاہم پانچویں مریض کی رپورٹ منفی نہیں آئی تھی، اس مریض کی اب تیسری رپورٹ منفی آئی ہے۔ اس سے قبل چار مریض ٹھیک ہوگئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ضلع کورونا انفیکشن وائرس سے پاک ہوگیا۔
اس کی تصدیق سول سرجن ڈاکٹر برجیش کمار سنگھ نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ 'ضلع میں پائے جانے والے کورونا کے کل 5 مریض علاج کے بعد مکمل طور پر ٹھیک ہوگئے ہیں۔ ان میں دو مریض میاں بیوی شہر کے گورودوارہ محلے کے رہنے والے تھے جو 21 مارچ کو دبئی سے آئے تھے، جبکہ تین مریض ماں، بیٹا اور بہو کا تعلق شہر پہاڑ پورکا تھا اس میں نوجوان پٹنہ کے ایک ہسپتال میں کام کرتا تھا اور وہیں پر وہ کورونا متاثرین کے رابطے میں آیا تھا۔ ضلع گیا میں تین اپریل کے بعد ایک بھی مثبت مریض نہیں ملا ہے جوکہ ضلع کے لیے راحت وسکون کی بات ہے۔