ریاست بہار کے ضلع بھاگلپور میں پولس اہلکاروں اور قدرتی آفات شعبہ کی جانب سے آج یک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں آس پاس سے آئے لوگوں کو ٹریننگ دی گئی کہ گیس سلینڈر یا شارٹ سرکٹ سے لگنے والے آگ پر کیسے قابو پایا جائے۔
اس موقع پر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے لوگوں کو گیس سلینڈر میں لگی آگ کو کیسے بجھایا جائے اور حادثہ کی صورت میں وہاں سے لوگوں کو کیسے باحفاظت باہر نکالا جائے اس کی موک ڈرل کرکے دکھائی۔
ورکشاپ میں ٹریننگ دے رہے اہلکاروں نے لوگوں کو بتایا کہ 'گیس سلینڈر میں ہلکی سی آگ لگنے پر بھی لوگ بہت گھبرا جاتے ہیں' اور حادثہ کو مزید بڑھا دیتے ہیں لہذا گھبرانے کے بجائے ہمت سے کام لیں اور بھیگے ہوئے کپڑوں کا استعمال کرتے ہوئے آگ پر آسانی سے قابو پائیں۔
ٹرینر نے بتایا کہ 'بلا وجہ گیس کا ریگولیٹر چالو نہ رکھیں' اور چھوٹی موٹی باتوں کا خیال رکھیں تو اس طرح کے حادثوں سے بچا جا سکتا ہے۔
اس ایک روزہ ورکشاپ میں ضلع کے سبھی بلاک اور پنچائت کے ذمہ داروں کو بلایا گیا تھا تاکہ انہیں اس طرح کے حادثوں سے نپٹنے کی ٹریننگ دی جاسکے۔