آج ہی کے دن سردار پٹیل کی پیدائش ہوئی تھی اور آج ہی اندرا گاندھی شہید کی گئی تھیں، اسی مناسبت سے عوام کے ساتھ سرکردہ شخصیات اور رہنما انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
ارریہ کے گاندھی چوک واقع گاندھی آشرم میں کانگریس کے کارکنان نے دونوں اعلی رہنماؤں کو گلہائے عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے دو منٹ کی خاموشی رکھی۔
کانگریس کے ضلعی صدر انل سنہا نے کہا کہ آنجہانی اندرا گاندھی نے بھارت کی ترقی کے لیے خود کو قربان کر دیا۔
اندرا گاندھی کو اپنے ملک کے ساتھ ساتھ یہاں کی عوام سے محبت تھی، غریبوں کے لیے انہوں نے جو کام کیا وہ سنہرے لفظوں میں لکھے جانے کے قابل ہے۔ اسی طرح سے سردار ولبھ بھائی پٹیل نے پہلے وزیر داخلہ رہتے ہوئے دوسرے ملکوں سے خوشگوار تعلقات قائم کئے اور غیر ممالک میں بھارت کی اچھی شبیہ پیش کی۔
ریاستی کانگریس کے سکریٹری منیش یادو نے کہا کہ 'ان دونوں لیڈران کا نام آتے ہی بھارت کی تصویر خود بخود بننے لگتی ہے، اندرا گاندھی نے جہاں ایک طرف ملک کو آگے لے جانے میں پیش بہا خدمات انجام دیں وہیں سردار پٹیل نے بھی بحثیت وزیر داخلہ ملک کی تمام عوام کو ایک دھاگے میں پیرونے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں : اندرا گاندھی کے یوم وفات پر خصوصی تحریر
اندرا گاندھی و سردار ولبھ بھائی پٹیل دونوں عظیم رہنما تھے اور دونوں کی خدمات کو نسل در نسل سراہا جاتا رہے گا، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ رہنماوں کو اپنا آئیڈیل مانتے ہوئے ان کے نقش قدم پر چلا جائے۔
اس موقع ضلع کانگریس کے نائب صدر ایڈووکیٹ صدر عالم، اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر معصوم رضا، اویس یاسین، عبد الحنان وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔