سہسرام: کورونا وبا کے پیش نظر ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں عوام کی زندگی کتنی مشکل ہوگئی ہے اسے بیاں کرنے کے لئے یہ تصویر ہی کافی ہے۔
بہار کے ضلع سہسرام میں 14 سالہ نندنی اپنے اہل خانہ کی پرورش کے لئے آج کل سڑکوں پر رکشہ چلاتی نظر آتی ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب سب کچھ بند ہے پھر بھی نندنی دو وقت کی روٹی کے خاطر سڑکوں پر رکشہ لے کر نکل جاتی ہے ۔
نندنی بولیا گاؤں کی رہائشی ہے جو گزشتہ دنوں گاؤں کے دیگر گھروں میں صاف صفائی کرکے دو وقت کی روٹی جٹا لیتی تھی، اور اس کے والد رکشہ چلاتے تھے ، لیکن ریاست میں لاک داؤن ہونے کی وجہ سے وہ کہیں اور مزدوری کے لئے چلے گئے ہیں ، تو بیٹی نندنی ہی کچھ پیسوں کے لئے رکشہ لے کر سڑک پر نکلی پڑتی ہے ۔
اس تعلق سے نندنی بتاتی ہیں کہ ”کورونا کی وجہ سے گھر کا کام بند ہو گیا ہے ۔ ایسی صورتحال میں صرف رکشہ ہی سہارا بچا تھا، اس لئے رکشہ لے کر سڑک پر نکل گئی ہے ۔ نندنی کو بچی جان کر پولیس بھی پریشان نہیں کرتی ہے۔
تاہم، نندنی کو رکشہ چلاتے ہوئے دیکھ کر غریبوں کی بے بسی واضح طور پر دکھائی دیتی ہے۔ حالانکہ رکشہ کے پائیدان تک وہ صحیح سے نہیں پہنچ پاتی ہے ۔ لیکن غربت ایسی ہے کہ اسے رکشہ کھینچنا پڑتا ہے۔