ارریہ کے فاربس گنج شاہراہ پر واقع ٹول ٹیکس آج اکھاڑے کے میدان میں اس وقت تبدیل ہو گیا جب ٹول ٹیکس کے ملازم اور مقامی مکھیا کے فرزند کے درمیان جم کر مار پیٹ ہوئی، دونوں طرف سے لاٹھی اور اینٹوں کی برسات بھی ہوئی۔ اس تصادم میں ٹول ٹیکس کی املاک کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔
مارپیٹ کی وجہ مقامی مکھیا کے فرزند شہزاد عالم سے ٹول ٹیکس مانگا جانا بتایا جا رہا ہے، ٹول ٹیکس مانگے جانے کے بعد سے مکھیا کے فرزند کو غصہ آگیا اور اس نے ملازمین کے ساتھ مارپیٹ شروع کردی جس کے جواب میں ٹول ٹیکس ملازم بھی گروہ کی شکل میں شہزاد عالم پر حملہ آور ہو گیا۔
مذکورہ واقعہ کی خبر جیسے ہی مکھیا کے گاؤں ہریابارا پہنچی، ویسے ہی شہزاد عالم کے حامی بڑی تعداد میں لاٹھی کے ساتھ ٹول ٹیکس پہنچ گئے اور انہوں نے بھی ٹول ملازم کے ساتھ مارپیٹ کی۔ ٹول ملازمین کی جانب سے بھی اس کا جواب دیا گیا۔ اس تصادم میں دونوں طرف سے آدھا درجن سے زائد لوگ زخمی ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی او شلیش چندر دیواکر اور ٹاؤن ڈی ایس پی پشکر کمار پولس اہلکار کے ساتھ ٹول پلازہ پہنچے اور معاملے کو شانت کراکر زخمیوں کو علاج کے لئے ارریہ صدر اسپتال میں داخل کروایا۔
ادھر ڈی ایس پی پشکر کمار نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرہ کو دیکھا جا رہا ہے۔ معاملہ ٹول ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق ہے جس کی وجہ سے دونوں گروپوں میں جھڑپ ہوئی ہے۔معاملے کی چھان بین کی جا رہی ہے، جو بھی قصور وار ہوگا اس پر مقدمہ درج کر اسے حراست میں لیکر سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ پولس جائے وقوع پر موجود ہے اور حالات ابھی معمول ہے۔