ضلع گیا میں ایک بار پھر ہجوم کے ذریعہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق موبائل چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کم عمر بچوں کا سر منڈوا دیا گیا اور ان کے خاندان سے 5 ہزار روپئے بطور جرمانہ وصول کیا گیا۔
یہ واقعہ باراچٹی پولیس تھانہ سے متصل تیتریہ گاؤں کا بتایا جارہا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گاؤں کے شرون کمار نامی شخص کا اسمارٹ فون چوری ہوگیا تھا اور اس دوران یہ بات سامنے آئی کہ گاؤں کے 4 نابالغ لڑکے قریب میں واقع سروا بازار کی ایک دکان میں موبائل فروخت کرنے گئے تھے جس کے بعد مقامی لوگوں نے چاروں کو پکڑ لیا۔ ہجوم کے سامنے ان کا سر منڈوایا گیا اور گاؤں میں بھی انہیں گھومایا گیا۔
اس تعلق سے 4 لڑکوں کے ارکان خاندان کی جانب سے پولیس میں شکایت درج نہیں کرائی گئی۔
سرمنڈوانے کے واقعہ کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع ملی۔ اس سلسلہ میں ایس ایس پی راجیو مشرا نے بتایا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔