بہار کے گوپال گنج اور مغربی چمپارن ضلع میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 26 ہوگئی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ گوپال گنج ضلع کے محمد پور گاﺅں میں زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے۔ حالانکہ پولیس اور انتظامیہ کے افسران مرنے والوں کی کم تعداد کی تصدیق کر رہے ہیں، لیکن گاﺅں والوں کے مطابق زہریلی شراب پینے کی وجہ سے اب تک 17 افراد کی موت ہوئی ہے۔ بدھ کو آٹھ لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ جمعرات تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 13 اور جمعہ کی صبح تک مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 17 ہوگئی ہے۔
مغربی چمپارن ضلع کے بتیا سے موصول رپورٹ کے مطابق ، نوتن تھانہ علاقہ کے دکھنی تلہوا گاﺅں میں جمعہ کی صبح تک زہریلی شراب پینے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 9ہوگئی ہے۔ گاﺅں والوں کے مطابق بدھ کی دیر شام ایک ٹولے کے لوگوں نے شراب پی تھی اور اس کے کچھ دیر بعد ہی ان کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ سبھی کو فوراً نزدیکی اسپتال میں داخل کرا یا گیا، جہاں اب تک9 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
دریں اثناء گوپال گنج ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ آنند کمار نے محمد پور تھانہ صدر ششی رنجن کمار اور ایک چوکیدا ر کو معطل کر دیا ہے۔ وہیں مغربی چمپارن میں نوتن کے تھانہ صدر اور چوکیدار کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
- مزید پڑھیں: بہار میں زہریلی شراب پینے سے اب تک 20 افراد ہلاک
وہیں، ایکسائز محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی ٹیم علاقے میں چھاپے ماری کر رہی ہے۔ گوپال گنج میں تین گھروں کو سیل کر دیا گیاہے۔ جبکہ شراب کا کاروبار کرنے والے چھوٹے لال ساہ، اشوک شرما، رام پرویش ساہ اور جتندر پرسد کو گرفتار کیا گیاہے۔
(یو این آئی)