گلمرگ (جموں و کشمیر): معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں جاری کھیلو انڈیا سرمائی گیمز میں جہاں کھلاڑی میڈل حاصل کرنے اور اپنی ریاست، مرکزی زیر انتظام علاقے کی نمائندگی کرکے مختلف کھیل مقابلوں میں طبع آزامائی کر رہے ہیں وہیں کھلاڑیوں سمیت گلمرگ میں موجود سیاح قدرتی نظاروں خصوصاً برف سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
گلمرگ میں جاری کھیلو انڈیا مقابلوں کے دوران کشمیر کی رواداری اور بھائی چارے کی کئی مثالیں دیکھنے کو ملیں۔ ایسی ہی ایک مثال اُس وقت سامنے آئی جب ریاست کرناٹک کی ایک خاتون سیاح کا مہنگا موبائل ڈھونڈنے میں مقامی باشندوں نے اُن کی مدد کی۔ کرناٹک کے حبلی علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک سیاح، نیتو حبیب، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ تفریح کے دوران اُن کا قیمتی موبائل کہیں گم ہو گیا تاہم انہیں اس بات کا علم واپس ہوٹل پہنچنے کے بعد ہوا۔
نیتو نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور ہوٹل منیجر کو اطلاع دی اُن کا قیمتی موبائل، جس کی قیمت انہوں نے ڈیڑھ لاکھ روپے بتائی، کہیں گم ہو گیا ہے۔ نیتو کے مطابق ہوٹل منیجر نے نہ صرف سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی بلکہ ہوٹل عملہ کو موبائل ڈھونڈ نکالنے کے لئے ان کے ساتھ روانہ کیا۔ ان کے مطابق برفیلی ڈھلانوں پر مقامی باشندوں نے قریب سات کلومیٹر کا پیدل سفر کرکے موبائل ڈھونڈ نکالنے میں ان کی مدد کی۔
مزید پڑھیں: Khelo India Winter Games گلمرگ میں کھیلو انڈیا ونٹر گیمز اختتام پزیر
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے خاتون سیاح نے کہا کہ مشقت بھرے لمحات میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے شوہر نے بھی ہاتھ کھڑے کیے تاہم مقامی کشمیری باشندوں نے ہار نہیں مانی اور بالآخر ان کا قیمتی موبائل ڈھونڈ نکالا۔ خاتون سیاح جہاں اپنا موبائل فون واپس پاکر خوش نظر آئیں وہیں انہوں نے کشمیر کی قدرتی خوبصورتی سمیت یہاں کی صدیوں پروانی مہمان نوازی، انسانیت دوست اور بھائی چارے کی مثال کی بھی ستائش کی۔