بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور بابا یوسف علاقہ میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں ایک لکڑی کی فیکٹری خاکستر ہوگئی۔ اس آتشزدگی کے واردات کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،تاہم آگ کے سبب لاکھوں روپئے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔
بتایا جا رہا ہے اتوار کی شب لکڑی کی فیکٹری سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے۔ مقامی باشندوں کے مطابق آگ کی لپٹیں فوراً ہی ایک اور قریبی گھر تک پھیل گئیں، لیکن اس پر قابو پایا گیا۔آگ لگنے کے بعد مقامی لوگوں نے فوراً پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا۔ فائر ٹینڈرز نے فوری طور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا،تاہم آگ نے پوری فیکٹری کو خاکستر کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کرکے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی غرض سے تحقیقات کا آغاز شروع کیاہے۔
ادھر مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے آگ کے سبب ہوئے نقصان کا جائزہ لینے اور متاثرین کی فوری امداد اور باز آبادکاری کی اپیل کی ہے۔فیکٹری کے مالک نے بتایا کہ ہم اس لکڑی کی فیکٹری میں سیب کے ڈبے بناتے تھے اور یہاں دس سے زائد لوگ اپنی روزی روٹی حاصل کرتے تھے، لیکن آگ لگنے کے بعد فیکٹری کو کافی نقصان ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: Fire Incidents in Kashmir آگ کی وارداتوں میں ایس پی ایس میوزم دفتر اور چنار کا درخت خاکستر
واضح رہے کہ رواں برس وادی کشمیر کے طول و ارض میں درجنوں رہائشی مکانات، کمشرل عمارتوں سمیت گؤ خانے آگ کی واردات میں خاکستر ہوگئے۔ آتشزدگی کی ان واردات میں کروڑوں روپئے مالیت کا نقصان ہوا ہے جبکہ متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔