شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے شیروانی ہال میں جمعہ کے روز جشن بارہمولہ کے نام سے ایک پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کے دوران تین صحافیوں کو فوجی جوانوں نے مبینہ طور پر پیٹا۔ اس پروگرام میں بالی وڈ اداکارہ امیشا پٹیل مہمان خصوصی تھیں۔
اس معاملے میں آرمی نے بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اس پورے واقعے کی تحقیق کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پروگرام ختم ہونے کے بعد جب صحافی بالی وڈ اداکارہ کے پاس پریس بائٹ کے لئے گئے تو اچانک سے وہاں بھیڑ امڈ پڑی اور بھگدڑ کی صورتحال ہوگئی۔ اسی وقت فوجی اہلکاروں نے تین صحافیوں کے ساتھ ساتھ ای ڈی وی بھارت کے نمائندے عاشق میر کو بھی پیٹا۔
جن تین صحافیوں کو مبینہ طور پر پیٹا گیا ہے ان کی شناخت سہیل خان کشمیر ڈسپیچ اور مدثر ملا کے ساتھ ساتھ عاشق میر بھی ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد ہی صحافیوں نے اس پروگرام کا بائیکاٹ کیا اور فوج کے خلاف احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے تاریخی کھیل کو فروغ دینے والا نوجوان
ادھر فوج کے ایک اعلی عہدیدار نے ایک بیان میں یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
افسر نے احتجاج کرنے والے صحافیوں کو یقین دلایا ہے کہ واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ اور پوری تحقیقات کے بعد خاطی اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔