سوپور: شمالی کشمیر ضلع بارہمولہ کے تحصیل ہیڈکواٹر سوپور میں جموں و کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سوپور کے ہائیگام علاقہ میں لشکر طیبہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین ہابرڈ عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔Hybrid Militants Arrested In Sopore
پولیس نے ہائبرڈ عسکریت پسندوں کی اصطلاح ان نوجوانوں کیلئے استعمال کرنا شروع کیا ہے جو بظاہر نارمل زندگی گزارتے ہیں لیکن اصل میں عسکریت پسندوں کے ساتھ کام کرتے ہیں اور انکے دئے گئے ٹارگٹ پر حملے کرتے ہیں۔ پہلے ایسے افراد کو عسکریت پسندوں کے بالائے زمین کارکنوں کے طور پہچانا جاتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ غیر مقامی مزدوروں کی حالیہ ہلاکتوں اور متعدد مقامات پر دستی بم حملوں کی تحقیقات کی گئی اور مختلف مقامات سے مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا اور مسلسل پوچھ گچھ سے لشکر طیبہ تنظیم کے کردار کا پتہ چلا۔بتایا جاتا ہے مشکوک حالت میں 2 مئی کی رات کے دوران تین افراد کو علاقے ہائیگام کے باغات میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ان افراد کے قبضہ سے تین چینی ساخت کے پستول اور گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد ہوا ہے ۔پولیس نے اس حوالے سے ان کے خلاف ایک کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کی ہے۔