بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے دیوان باغ علاقے میں منگل کی شام کو شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے کے بعد بدھ کے روز سکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں تلاشی آپریشن چلایا۔ ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے تین افراد کو پوچھ تاچھ کے لیے گرفتار کیا ہے جب کہ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر لائی گئی ہے۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بارہمولہ کے دیوان باغ علاقے میں منگل کی شام کو شراب کی دکان پر ہوئے گرینیڈ حملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز سکیورٹی فورسز نے ضلع بارہمولہ کے مختلف علاقوں کی تلاشی لی جب کہ پورے ضلع میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے پوچھ تاچھ کی خاطر تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جس جگہ پر شراب کی دکان ہے، اسی کے پاس ایس ایس پی بارہمولہ اور ڈی آئی جی کے دفاتر بھی ہے۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع بھر میں ناکوں کا جال بچھایا ہے تاکہ حملہ آوروں کو پکڑا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز سکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بارہمولہ کے کانلی باغ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
مزید پڑھیں:
معلوم ہوا ہے کہ کئی گھنٹوں تک علاقے کی تلاشی لی گئی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں لانے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ دریں اثنا بارہمولہ گرینیڈ حملے سے متعلق ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ سکوٹی پر برقع پوش سمیت دو افراد سوار ہیں۔
(یو این آئی)