پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہلاک شدہ عسکریت پسند لشکر طیبہ تنظیم سے وابستہ تھے، مسلح تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 32 آر آر، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی صبح ہرد شیوا سوپور علاقے کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک مکان میں پناہ لیے عسکریت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی ایک تلاشی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس کے نتیجے میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائے تصادم سے ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کی لاشیں بر آمد کی گئی ہیں۔ یہ دونوں عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھے، تاہم ان کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن ختم کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جائے تصادم سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے اور پولیس نے بر آمد شدہ اسلحہ کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام میڈیکل اور دیگر قانونی کارروائی کے بعد ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے لاشوں کو بارہمولہ بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ جائے تصادم کی طرف نہ جائے جب تک اس مقام کو سیف زون قرار نہ دیا جائے۔
دریں اثنا تصادم شروع ہوتے ہی حکام نے سوپور قصبہ میں موبائل انٹرنیٹ خدمات کو احتیاط کے طور پر معطل کر دیا ہے۔