بارہمولہ: مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ہوئی بارش کے سبب کئی اضلاع کی سڑک بند ہیں جس کے سبب عوام کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقے اوڑی کے دیہی اور پہاڑی علاقوں کی رابطہ سڑکیں آمد ورفت کے لیے بند ہوگئی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق شدید بارش کے سبب ان علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ مٹی کے تودے کھسکنے اور نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے سبب متعدد مقامت پر رابطہ سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لوگ کئی کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد منزل مقصود تک پہنچتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکولی طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی اپنی منزل پر پہنچنے کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن میں تاجل، تلواریں، بٹگرام، باز، پتنگا، ناملا، سل پتھر، چونڈا جیسے علاقوں کی رابطہ سڑکیں ابھی بھی بند پڑی ہوئی ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ مذکورہ علاقوں کی رابطہ سڑکوں پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ ان علاقوں کی سڑکوں کی جانب توجہ دی جائے تاکہ لوگوں کو پریشانیوں سے نجات مل سکے۔
مزید پڑھیں:Hike in Power Traffic بجلی فیس میں اضافہ کے باعث اوڑی میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج
اسی سلسلے میں جب محکمہ پی این جی ایس وائے کے ایک اعلیٰ افسر سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے آدھے علاقوں کی رابطہ سڑکیں بحال کر دی ہیں اور ایک دو دن میں ہم بقیہ علاقوں کی سڑکیں بھی بحال کر دیں گے۔ واضح رہے کہ جب بھی یہاں بارش ہوتی ہے تو ان علاقوں کی رابطہ سڑکیں آمدورفت کے لیے بند ہو جاتی ہیں۔