بارہمولہ: شمالی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ روز ’’کھیلو انڈیا فیسٹیول‘‘ کا رسمی طور افتتاح کیا گیا۔ پانچ دنوں تک جاری رہنے والے ونٹر فیسٹیول میں ملک بھر سے قریب پندرہ سو کھلاڑی گیارہ مختلف کھیل مقابلوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کھیلو انڈیا کے تیسرے ایڈیشن کا رسمی طور افتتاح کیا جبکہ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے بھی حاضرین، کھلاڑیں، منتظمین سے خطاب کیا۔
تمل ناڑو سے اتر پردیش اور گجرات سے جھارکھنڈ تک مختلف ریاستوں، مرکزی زیر انتظام خطوں سے تعلق رکھنے والے 1500سے بھی زائد کھلاڑی ونٹر فیسٹیول میں حصہ لے رہے ہیں۔ کھلاڑیوں میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے اور بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ کشمیر آئے ہیں جبکہ بعض کھلاڑی کھیلو انڈیا فیسٹیول میں اس سے قبل اپنے جوہر دکھا چکے ہیں۔
فیسٹیول میں شریک ریاست ہماچل پردیش سے آئے ایک کھلاڑی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’کشمیر کو صرف کتابوں میں پڑھا اور فلموں میں دیکھا تھا، آج از خود مشاہدہ کرکے انتہائی خوشی حاصل ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’وادی کشمیر یقیناً کرہ ارض پر ایک جنت ہے اور اس جنت سے لطف اندوز ہونے کے لیے یہاں آنا ناگزیر ہے۔‘‘
کھلاڑیوں نے کہا وہ ونٹر فیسٹیول میں اپنے جوہر دکھانے کے لیے پر جوش ہیں اور انتظامیہ، منتظمین کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھلاڑیں کے لیے معقول انتظامات کیے گئے ہیں۔ تمل ناڑو سے تعلق رکھنے والی ایک کھلاڑی نے ای ٹی وی بھار ت ے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کھیل مقابلوں میں بہتر پرفارم کرکے اپنی ریاست کا نام روشن کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیسٹیول سے نہ صرف کھیل سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے بلکہ نوجوانوں کے اندر پنہاں صلاحیتوں کو بھی ایک جہت ملتی ہے۔ انہیں ایک پلیٹ فارم مہیا ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں: Khelo India Games گلمرگ میں تیسرے کھیلو انڈیا گیمز کا آغاز
قبل ازیں، مرکزی وزیر اور لیفٹیننٹ گورنر نے ونٹر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہا کہ کھیلو انڈیا کے تیسرے ایڈیشن کے لیے انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے لیے معقول انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف کھیل سرگرمیوں بلکہ یہاں کی سیاحت کو بھی کافی فروغ حاصل ہوگا۔