سرینگر: پولیس نے بارہمولہ میں ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نقلی سونے کے 380 بسکٹ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے چیکنگ کے دوران خان پورہ برج پر ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے نقلی سونے کے 380 بسکٹ بر آمد کئے ہیں۔ گرفتار شدہ شخص کی شناخت جاوید احمد ڈار ساکن خان پورہ بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم بارہمولہ مارکیٹ سے خان پورہ کی طرف جا رہا تھا اور پولیس کی چیکنگ پارٹی کو دیکھتے ہی اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کو دھر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا 'تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 380 گرام وزنی نقلی سونے کے 380 بسکٹ بر آمد کئے گئے جس کے بعد اس کو فوری طور حراست میں لیا گیا'۔
ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔ واضح رہے کہ 22 جون کو اتر پردیش کے کانپور میں محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے شہر کے مشہور سونے اور چاندی کے تاجر رادھا موہن پرشوتم داس جیولرس اور ایک بلڈر پر چھاپہ مارا۔ کانپور کے علاوہ محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے دہلی، لکھنؤ اور کولکتہ میں ایک ساتھ کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ اسی وقت، اتوار کو سول لائنز میں سونے چاندی کے تاجر کے گھر کے پاس کھڑی ایک لگژری کار کی چٹائی کے نیچے سے سونے کے 12 بسکٹ برآمد ہوئے۔ ان کی مالیت سات کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک کروڑ کی جعلی کرنسی اور سونے کے بسکٹ ضبط
یو این آئی