بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سنگ پورہ پٹن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کے ایک معاون کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ تلاشی کارروائی کے دوران عسکریت پسندوں کے ایک معاون کو گرفتار کیا گیا اور بتایا جا رہا ہے کہ اس کے قبضے سے اسلحہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سنگ پورہ پٹن کے قریب پولیس کی ایک ناکہ پارٹی نے ایک شخص کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔ اس کے بعد پولیس نے اس کا پیچھا کیا اور اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق اس کے پاس سے (اے کے 47 رائفل)، اور 71 گولیاں برآمد کی گئی۔
پوچھ گچھ کے دوران اس شخص کی شناخت علی محمد بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن بونی چکل آرم پورہ پٹن کے طور پر ہوئی ہے اور یہ لشکر طیبہ سے وابستہ تھا۔ اس ضمن میں جموں و کشمیر پولیس نے ایک کیس درج کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ کل سوپور میں بھی لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کے ایک اور معاون کو گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار معاون کے قبضے سے ایک پستول، ایک پستول میگرین، ایک گرینیڈ اور پستول کی گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔