بارہمولہ: جموں و کشمیر کی لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران دیگر اضلاع کی طرح شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں بھی کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے، نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب راغب کرنے اور کھیل کے میدانوں کی اپگریڈیشن کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وہیں دوسری جانب ضلع بھر میں نوجوان کھیل سرگرمیوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں۔ محکمہ اسپورٹس کی جانب سے ضلع کے خوش حال اسٹیڈیم سوپور میں حال ہی میں فلڈ لائٹس نصب کی گئیں جس کے سبب کھیل شائقین، کھلاڑیوں کے چہری کھل اٹھے ہیں۔ خوش حال اسٹیڈیم سوپور میں شبانہ کھیل سرگرمیاں بھی شروع ہو گئی ہیں، جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ضلع کے کئی مقامات سے لوگ جوق در جوق خوش حال اسپورٹس اسٹیڈیم کا رخ کر رہے ہیں۔
ایک مقامی سماجی کارکن، جاوید احمد، نے فلڈ لائٹس کی تنصیب کے حوالہ سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت کی جانب سے اسپورٹس اسٹیڈیم کی طرف توجہ دینا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ امید ہے کہ فلڈ لائٹس کی تنصیب سے کرکٹ اور فٹ بال کے بڑے ٹورنامنٹ یہاں منعقد ہونگے جس سے مقامی پنہاں ٹیلنٹ کو بھی فروغ ملے گا۔‘‘ انہوں نے محکمہ اسپورٹس، یو ٹی انتظامیہ سے سوپور میں اسٹیٹ لیول ٹورنامنٹس کے انعقاد کی بھی درخواست کی ہے۔
مزید پڑھیں: DC Baramulla inaugurates Sports Carnival: ڈی سی بارہمولہ نے سپورٹس کارنول کا افتتاح کیا
انہوں نے مزید کہا کہ ان فلڈ لائٹس کی تنصیب سے کھلاڑیوں کو ایک بہتر پلیٹ فراہم مہیا ہوگا جس سے مقامی ٹیلنٹ کو گروم ہونے کا موقع فراہم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی اس طرح کے ایونٹس یہاں منعقد ہوتے تھے تاہم نا خوشگوار حالات اور انفراسٹکچر کی کمی کے باعث کھیل سرگرمیوں کا سلسلہ منقطع ہو چکا تھا۔ انہوں نے فلڈ لائٹس کی تنصیب کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے مقامی کھلاڑیوں کو بھی کھیل کود کی سرگرمیوں کی جانب راغب ہونے کی تلقین کی۔ ادھر، مقامی مقامی کھلاڑیوں نے بھی حکومت خاص کر سپورٹس کونسل، کشمیر، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’سوپور اسٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی فلڈ لائٹس کی تنصیب سے نہ صرف ہمیں خوشی حاصل ہوئی ہے بلکہ ہمارے حوصلے بھی بلند ہوئے ہیں۔‘‘