ہری نارہ سنگھ پورہ پٹن میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبدا للہ کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام کو منقسم کرنے کی سازشیں برابرجاری ہیں، تاکہ ہماری حق کی آواز کو دبایا جاسکے۔ Farooq Abdullah Addresses a Public Gathering
انہوں نے کہا کہ مرحوم شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے اپنی قید حیات میں اس بات کی پیش گوئی کی تھی کہ وہ بھی وقت ہوگا جب ریاست کی گلی گلی میں نئی جماعتیں اور گھر گھر لیڈر بنائے جائیں گے، جس کا مقصد ہماری آواز کو بے وزن کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام کو وطن اور ضمیر فروش عناصر سے ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ان وطن اور ضمیر فروش افراد پر زر کثیر خرچ کیا جارہا ہے، تاکہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو مذہب، زبان اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف جموں وکشمیر کے لوگوں کو جمہوری حقوق سے محروم رکھا جارہاہے اور دوسری جانب ایک منصوبہ بند سازش کے تحت یہاں کی آبادی کو نان شبینہ کا محتاج بنایا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات اتنے زیادہ پرخطر ہوتے جارہےہیں کہ ایک عام آدمی کا جینا دوبھر ہوگیا ہے اور دو وقت کی روٹی کمانا بھی انتہائی مشکل ہوتا جارہاہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بے روزگار ہیں اور عمر کی حدیں پار کررہے ہیں۔ اُن کے مطابق بے روزگاری کی حدیہ ہے کہ ڈاکٹروں اور انجینئروں کی ایک بہت بڑی تعداد بے روزگار بیٹھی ہے، ایک وقت تھا جب حکومت ڈاکٹروں اور انجینئروں کی تلاش میں رہتی تھی لیکن آج حالات بالکل عین برعکس ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا سامنا کرنے اور ان میں سرخرو ہونے کیلئے ہمیں ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں باہری اور اندرونی دشمنوں کو پہچان کر اُن کے ناپاک منصوبوں اور کوششوں کو خاک میں ملانا ہوگا۔ اس موقعے پر پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر آغا سعید محمود نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہی وہ واحد سیاسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جوجموں وکشمیر کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سابق صدر نیشنل کانفرنس فاروق عبداللہ نے آج پٹن سنگھ پورہ کے دورہ پر تھے اس دوران ان کے ہمراہ سینئر رہنما آغا محمود، ریاض بیدار نے جلال الدین وانی کے گھر پہنچ کر تعزیت کرکے ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔