بارہمولہ: شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں تحصیل ہیڈ کوارٹر سوپور سے محض چند سو میٹر کی دوری پر واقع نوپورہ کلان علاقے میں ناقص ڈرینیج سسٹم کے سبب گلی کوچے زیر آب آئے ہیں، جس کے سبب لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ناقص ڈرینیج سسٹم کے سبب سڑکوں اور گلی کوچوں میں جمع پانی لوگوں کے صحنوں اور رہائشی مکانات میں داخل ہو رہا ہے جس سے عمارتوں کی بنیادی کمزور ہو چکی ہیں۔ Defunct Drainage system irks Nowpora Sopore Residents
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ عوامی اصرار کے بعد متعلقہ محکمہ نے علاقے میں ڈرین تعمیر کی تاہم محکمہ نے اس کی صاف صفائی کے حوالے سے کوئی بھی اقدام اب تک نہیں اٹھایا ہے جس کے سبب علاقے میں معمولی بارشوں کے دوران پورا علاقہ تالاب جیسا منظر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل ہوئی بارشوں کے بعد علاقے کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آ گئے اور اب تک پانی کی نکاسی کے حوالہ سے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: سوپور: خستہ حال سڑک اور ڈرینیج سسٹم سے عوام پریشان
لوگوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ سے ڈرین کی صفائی اور نکاسی کے حوالہ سے ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے کی گزارشات کیں تاہم اس حوالہ سے حکام نے کبھی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ نوپورہ کے باشندوں نے بتایا کہ مقامی باشندوں کو روز مرہ کے کام کاج کی انجام دہی کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو تعلیمی اداروں تک پہنچنے میں بھی سخت مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ مقامی باشندوں نے محکمہ اریگیشن، اور بلاک آفس، سوپور سے نورپورہ میں خستہ ہو چکے ڈرینیج سسٹم کو درست کرنے اور عوام کو راحت پہنچانے کے حوالہ سے فوری اقدامات اٹھائے جانے کی اپیل کی۔