شدید گولہ باری اور فائرنگ کے دوران، 47 سالہ خاتون اختری بیگم ہلاک اور اس کا شوہر زخمی ہو گیا۔ بھاری گولہ باری کی وجہ سے سلکوٹ، ہتلنگا، صورہ، بالکوٹ، تلواڑی، چورنڈا نمبلا، سید پورہ، ٹھجل، بتگڑھ، گرکوٹ، موتل اور بالکوٹ گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ باقاعدہ وقفوں سے کنٹرول لائن پر فائرنگ کے پیش نظر لوگوں نے اپنے مقامات سے بھاگنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ 'گولہ باری سے ایک خاتون ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ اس کے بعد یہاں سے 84 کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے'۔
ارشاد احمد نامی ایک مقامی شخص نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمارے جان و مال کو خطرہ ہے۔ بھارت اور پاکستان کو مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت ہے'۔ ایک اور مقامی باشندے غلام قادر نے کہا کہ 'پاکستان اور بھارت کو اس مسئلے کو حل کرنا ہوگا'۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) اوڑی ریاض احمد نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ایل او سی سے فرار ہونے والے افراد کو بانڈی اور اوڑی میں سرکاری کوارٹر میں رکھا گیا ہے۔' انہوں نے مزید کہا کہ 'خاندانوں کے لے کیے تسلی بخش انتظامات کیے گئے ہیں'۔