بارہمولہ (جموں کشمیر) : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ڈاک بنگلوو میں ’’سیو یوتھ سیو فیوچر‘‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کی جانب سے ’’کشمیر میڈیا کنکلیو 2023‘‘ کے عنوان سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں بارہمولہ کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مقامی صحافیوں اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وادی کشمیر کے ایک سینئر صحافی بشیر منظر مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے جبکہ ان کے ہمراہ کشمیر کے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کی ابتدائی نشست میں معروف ریڈیو بریڈ کاسٹر کرامت قیوم نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں ہر شخص کے پاس اسمارٹ فون ہے اور مختلف ذرائع ابلاغ کے ساتھ اس کا بالواسطہ یا بلا واسطہ رابطہ ہے، ایسے میں ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم عوام تک صحیح اور درست خبر پہنچائیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’موجودہ دور میں ہر ایرا گیرا صحافی بنا بیٹھا ہے، اس کے پاس صحافت تو دور مروجہ تعلیم کی بھی ڈگری نہیں ہوتی۔ جرنلزم کی ابجد سے بھی ناواقف لوگ سماجی رابطہ گاہوں پر میڈیا اداروں کے مدیر بنے بیٹھے ہیں اور بلا تحقیق عوام تک خبریں پہنچا رہے ہیں، اس سے نہ صرف صحافتی شعبہ بلکہ معاشرے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے متعلقہ حکام سے ’’ایسے افراد، نام نہاد صحافیوں اور صحافتی اداروں پر نکیل کسنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: آزادی صحافت اور اظہارِ رائے کے عنوان پر سیمینار
پروگرام کے منتظمین نے بتایا کہ موجودہ دور میں صحافیوں کو درپیش چیلنز اور صحافیوں سے متعلق دیگر امور پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ انہوں نے عوام سے بھی نام نہاد صحافیوں سے خود کو دور رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے مستند صحافیوں یا صحافی اداروں کی خبر، معلومات پر بھی بھروسہ کرنے کی عوام سے تلقین کی۔